1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاہور، دنیا کا سب سے آلودہ شہر

17 نومبر 2021

ہوا کے معیار کو مانیٹر کرنے والی ایک بین الاقوامی کمپنی نے لاہور کو دنیا کا سب سے آلودہ شہر قرار دیا ہے۔ سموگ کی گہری چادر سے متاثر شہریوں نے حکام سے فوری اقدامات اٹھانےکا مطالبہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/436hb
تصویر: Rana Sajid Hussain/Pacific Press Agency/imago images

سوئس ٹیکنالوجی کمپنی آئی کیو ایئر کے مطابق لاہور میں ائیر کی کوالٹی کی رینکنگ 348 تھی، جو کہ 300 کی انتہائی خطرناک حد سے کئی گنا زیادہ ہے۔ لاہور کے محمد سعید نامی ایک شہری کا کہنا تھا،''بچوں کو سانس کی تکلیف ہو رہی ہے، خدا کے لیے کوئی حل تلاش کریں۔''

پاکستان میں ہوا کا معیار گزشتہ کچھ عرصے میں کافی زیادہ گرا ہے۔ فضا میں انتہائی ناقص معیار کے ڈیزل کے ذرات، کھیتوں میں جلائے جانے والے بھوسے اور سردی میں درجہ حرارت کی کمی سموگ کا باعث بن رہی ہے۔

گیارہ ملین آبادی کا شہر لاہور مستقل بنیادوں پر دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ شہر ٹھہرایا جاتا ہے۔ حالیہ کچھ برسوں میں رہائشیوں نے ہوا کو صاف کرنے کے لیے خود ایئر پیوریفائرز بنائے ہیں۔  کچھ شہریوں نے حکومت کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے ہیں۔ لیکن ابھی تک پاکستانی حکام کی جانب سے شہر کو آلودگی سے پاک کرنے کے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے۔ اکثر ان کی جانب سے سموگ کا ذمہ دار بھارت کو قرار دیا جاتا ہے یا کہا جاتا ہے کہ آلودگی کی سطح کو بڑھا چڑھا کر بتایا جارہا ہے۔

لاہور کا میاواکی اربن فاریسٹ ایک اچھا آغاز

لاہور کے ایک دکاندار اکرام احمد کا کہنا ہے،'' ہم بہت غریب لوگ ہیں، ہم تو ڈاکٹرکے اخراجات نہیں اٹھا سکتے۔ ہم صرف ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔ میں ایک پڑھا لکھا شخص نہیں ہوں لیکن میں نے پڑھا ہے کہ لاہور میں ہوا کا معیار بہت زیادہ خطرناک ہے۔''

شہری محمد سعید کا کہنا ہے کہ وہ پہلے اپنے اہل خانہ کے ساتھ پارک میں چہل قدمی کے لیے جاتے تھے لیکن اب وہ گھر میں رہنا زیادہ بہتر سمجھتے ہیں۔ ان کے مطابق،''یہاں فیکٹریاں اور انڈسٹریاں کام کر رہی ہیں یا تو انہیں کہیں اور منتقل کر دیا جائے یا انہیں بہتر ٹیکنالوجی دی جائے تاکہ وہ آلودگی کا سبب نہ بنیں۔''

ب ج، ع ا