1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال ورلڈ کپ کی تیسری پوزیشن بلیجیم کے نام

14 جولائی 2018

بیلجیم نے انگلینڈ کی ٹیم کو دو گول سے شکست دے کر فٹ بال ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ پہلی اور دوسری پوزیشن کے لیے فائنل میں اتوار پندرہ جولائی کو کھیلا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/31SXC
FIFA WM 2018 Belgien gegen England
تصویر: Reuters/A. Vaganov

روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ کے کریسٹووسکی اسٹیڈیم میں تیسری اور چوتھی پوزیشن کا میچ کھیلا گیا۔ اس میچ میں انگلینڈ کی ٹیم کو بیلجیم کا سامنا تھا۔ فٹ بال ورلڈ کپ میں بعض مبصرین کا خیال تھا کہ ورلڈ کپ جیتنے میں انگلینڈ کی ٹیم مہارت اور صلاحیت رکھتی ہے، لیکن وہ محض چوتھی پوزیشن ہی حاصل کر سکی۔

تیسری پوزیشن کے میچ میں بیلجیم کی ٹیم نے آغاز ہی سے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور مسلسل انگلش ٹیم کے گول پر حملے کرنے شروع کر دیے۔ بیلجیم کے تھوماس مُوئنر نے میچ کے چوتھے منٹ ہی میں گول کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلا دی۔ ہاف ٹائم تک اسکور یہی رہا۔ انگریز کھلاڑی گول برابر کرنے کی کوشش کرتے رہے۔

FIFA WM 2018 Belgien gegen England
روس میں کھیلے جانے والے فٹ بال ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن بیلجیم نے حاصل کی ہےتصویر: Reuters/T. Hanai

دوسرے ہاف کے بیاسویں منٹ میں بیلجین کھلاڑی ایڈن ہیزارڈ نے ایک شاندار پاس پر گول کر کے اپنی ٹیم کی سبقت کو مستحکم کر دیا۔ یہی دو گول انجام کار بلیجیم ٹیم کی فتح کا باعث بنے۔ انگلش ٹیم کو جاری ورلڈ کپ میں چوتھی پوزیشن حاصل ہوئی ہے۔

دوسری جانب فٹ بال کھیل کے نگران ادارے نے انگلش ٹیم کو ورلڈ کپ کے دوران قواعد و ضوابط کے منافی عمل کرنے پر تقریباً ستر ہزار ڈالر کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ دوران میچ انگلش ٹیم کے کھلاڑیوں نے منظور شدہ جرابیں نہیں پہنی ہوئی تھیں۔ یہ جرابین انگریز ٹیم نے سویڈن کے خلاف پہنی ہوئی تھیں۔ دوسری جانب فیفا نے انگلش فٹ بال ایسوسی ایشن کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنے شائقین کو دوران میچ سیاسی نعرہ بازی سے منع کرے۔