1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال: جرمن بنڈس لیگا میں ہیمبرگ سرفہرست

31 اگست 2009

جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا میں اتوار کو دو میچ کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں بریمن نے برلن کو تین دو سے شکست دے دی۔ ہیمبرگ اور کولون کے مابین کھیلا جانے والا میچ ہیمبرگ نے تین ایک سے با آسانی جیت لیا۔

https://p.dw.com/p/JLt2
ہیمبرگ کے کھلاڑی کولون کے خلاف پہلے گول کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئےتصویر: AP

بنڈس لیگا کے چوتھے میچ ڈے کے اختتام پر ہیمبرگ کی ٹیم دس پوائنس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ ہیمبرگ نے اپنے چار میچوں میں سے تین میں کامیابی حاصل کی اور اس کا صرف ایک میچ برابر رہا۔ ان چار میچوں میں ہیمبرگ نے بارہ گول کئے اور اس کے خلاف پانچ گول کئے گئے۔

اس سیزن کے تیسرے میچ ڈے کے اختتام پر پہلے نمبر پر رہنے والی ٹیم لیورکوزن کے بھی اب دس پوائنٹس ہیں مگر مجموعی پوزیشن میں وہ اب دوسرے نمبر پر ہے۔ لیورکوزن نے بھی اب تک اپنے چار میچوں میں سے تین جیتے جبکہ چوتھا برابر رہا۔ اس ٹیم نے اب تک خود دس گول کئے ہیں اور اس کی مخالف ٹیموں کی طرف سے تین گول کئے گئے۔

Fußball Bundesliga Berlin Bremen
بریمن اور برلن کے درمیان میچ کے دوران بال کے حصول کے لئے جد وجہد کا ایک منظرتصویر: AP

اپنے سات پوائنٹس کے ساتھ بریمن کی ٹیم تیسرے نمبر پر ہے۔ اس نے اپنے چار میچوں میں سے دو جیتے، ایک ہارا جبکہ اس کا ایک میچ برابر رہا۔ بنڈس لیگا کے پچھلے سیزن کی فاتح ٹیم وولفسبرگ اس سیزن میں اب تک ساتویں پوزیشن پر ہے۔

اس سے پہلے ہفتہ کو بھی بنڈس لیگا کے چھ میچ کھیلے گئے۔ ان میں سے ایک بہت اہم میچ میں بائر لیورکوزن نے موجودہ سیزن میں تیسری کامیابی حاصل کرتے ہوئے بوخم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی تھی۔

ہفتہ کے روز کے دیگر میچوں میں شالکے کو فرائی بُرگ کے ہاتھوں ایک صفر سے شکست اٹھانا پڑی جبکہ شٹٹ گارٹ اور نورنمبرگ کا میچ صفر صفر سے برابر رہا تھا۔ ہوفن ہائیم کو موجودہ سیزن میں پہلی کامیابی ملی، جب اُس نے ہینووور کو ایک صفر سے ہرا دیا۔ بورُسیا ڈورٹ مُنڈ اور فرینکفرٹ کا میچ بھی ایک ایک گول سے برابر رہا۔

بنڈس لیگا کے چوتھے میچ ڈے کے دوران ہفتہ کے دن آخری میچ بائرن میونخ اور وولفس بُرگ کے درمیان کھیلا گیا، جو بائرن میونخ نے صفر کے مقابلے میں تین گول سے جیت لیا۔ اس طرح بائرن میونخ کی ٹیم کو موجودہ سیزن کے دوران پہلی کامیابی حاصل ہوئی تھی۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: مقبول ملک