1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈیس لیگا فٹ بال: مونشن گلاڈباخ نے مائنز کو ہرا دیا

29 اگست 2009

جرمنی میں فٹ بال کی امسالہ فیڈرل لیگ کے جمعہ کی رات ہونے والے ایک میچ میں بوروسیا مونشن گلاڈباخ کی ٹیم نے مائنز کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔

https://p.dw.com/p/JL4J
گلاڈ باخ کے کریم اور مائنز کے ہائیڈن، بائیں، کے درمیان بال کے حصول کی جدوجہد کا ایک منظرتصویر: picture-alliance/ dpa

اس میچ میں ہاف ٹائم تک گلاڈ باخ کی ٹیم کو مائنز پر صفر کے مقابلے میں ایک گول کی برتری حاصل تھی، جسے ختم کرنے کی مائنز کے کھلاڑیوں نے دوسرے ہاف میں اپنے طور پر پوری کوشش کی لیکن 90 منٹ کا کھیل پورا ہونے تک گلاڈ باخ کی ٹیم اپنی برتری کو مزید مضبوط بنا چکی تھی اور اس نے کافی حد تک یکطرفہ ثابت ہونے والا یہ میچ دو صفر سے جیت لیا۔

ڈوئچے بنڈیس لیگا کہلانے والے فٹ بال کی فیڈرل جرمن لیگ کے امسالہ چیمپئین شپ مقابلوں کے مجموعی طور پر چوتھے گیم ڈے کے پہلے مرحلے میں گلاڈ باخ اور مائنز کی ٹیموں کے مابین کھیلے گئے اس میچ کو دیکھنے کے لئے مونشن گلاڈ باخ کے اسٹیڈیم میں 42 ہزار سے زائد تماشائی موجود تھے۔

فاتح ٹیم کی طرف سے پہلا گول ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے فارورڈ کھلاڑی راؤل بوبادیلیا نے کھیل کے 29 ویں منٹ میں کیا۔ میچ کا دوسرا گول کھیل ختم ہونے سے چھ منٹ قبل مارکو روئس نے کیا۔

Bundesliga Mönchengladbach gegen Mainz August 2009
زمین پر گرا مائنز کا ایک کھلاڑی ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے بوبادیلیا کو پہلا گول کرنے سے روکنے کی کوشش کرتے ہوئےتصویر: AP

جمعہ کی شام گلاڈ باخ کے ہاتھوں مائنز کی شکست موجودہ سیزن میں اس ٹیم کی پہلی ناکامی تھی، کیونکہ وہ تب تک کھیلے گئے تین میچوں میں سے ایک جیت چکی تھی اور اس کے باقی دو میچ برابر رہے تھے۔

مائنز کی ٹیم گزشتہ سیزن میں دوسرے درجے کی فیڈرل لیگ میں انتہائی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد اس سیزن میں ترقی پا کر اول درجے کی بنڈیس لیگا چیمپئین شپ میں کھیل رہی ہے۔ ابھی پچھلے ویک اینڈ پر ہی اس کے کھلاڑیوں نے جرمنی میں فٹ بال کے شائقین کو اس وقت حیران کر دیا تھا جب مائنز نے بائرن میونخ کی ریکارڈ حد تک جرمن چیمپئین بننے والی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا تھا۔

مائنز کے خلاف میچ جیتنے کے بعد گلاڈ باخ کی ٹیم بنڈیس لیگا میں شامل کل 18 ٹیموں میں سے اب چوتھے نمبر پر آ گئی ہے جبکہ اس کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد بھی اب سات ہو گئی ہے۔ یوں مونشن گلاڈ باخ کی ٹیم اب تک پہلی تین پوزیشنوں پر موجود بائر لیورکوزن، ہیمبرگ اور شالکے کی ٹیموں کے عین برابر آ گئی ہے کیونکہ ان چاروں ٹیموں میں سے ہر ایک کے پوائنٹس کی تعداد سات ہے۔

موجودہ ویک اینڈ پر، جو بنڈیس لیگا کا چوتھا گیم ڈے ہے، ہفتہ کے روز کل چھ میچ کھیلے جائیں گے۔ ان میں سے ہنوور کا مقابلہ ہوفن ہائم سے ہو گا، فرینکفرٹ کا میچ بوروسیا ڈورٹمنڈ سے، شٹٹ گارٹ کے کھلاڑی نیورین بیرگ کے خلاف کھیلیں گے، بائر لیورکوزن کی ٹیم بوخم کے مقابلے پر ہو گی، شالکے کی ٹیم فرائی برگ کے خلاف کھیلے گی جبکہ چھٹا میچ بائرن میونخ اور وولفس برگ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

چوتھے گیم ڈے کے آخری دو میچ اتوار کے روز ہوں گے جن میں ہیرتھا برلن کی ٹیم بریمن کے خلاف میدان میں اترے گی اور ہیمبرگ کا مقابلہ کولون سے ہوگا۔

فٹ بال کی جرمن فیڈرل لیگ کے امسالہ چیمپئین شپ کے دوران کھیلے جانے والے کل 306 میچوں میں سے اب تک 28 میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں مختلف ٹیموں کی طرف سے کل 78 گول کئے گئے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عدنان اسحاق