1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عارف علوی پاکستان کے 13ویں صدر منتخب ہو گئے

افسر اعوان رفعت سعید
4 ستمبر 2018

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار عارف علوی کو پاکستان کی صوبائی اور وفاقی پارلیمان نے ملک کا نیا صدر منتخب کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/34GnL
Pakistan Arif Alvi
تصویر: AFP/Getty Images/F. Naeem

کراچی سے تعلق رکھنے والے عارف علوی کے مقابلے میں پیپلز پارٹی کے حمایت یافتہ امیدوار چوہدری اعتزاز احسن جبکہ پاکستان مسلم لیگ نون اور اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار مولانا فضل الرحمان تھے۔

صدر کے انتخابات کے لیے پاکستان کی چاروں صوبائی اسمبلیوں کے علاوہ وفاقی پارلیمان کے ایوان زیریں اور ایوان بالا سینیٹ کے ارکان نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔ سندھ اسمبلی میں اعتزاز احسن کامیاب رہے جبکہ بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں میں اکثریتی ووٹ عارف علوی کو ملے۔ اس طرح غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق عارف علوی بھاری اکثریت کے ساتھ ملک کے 13 ویں صدر منتخب ہو گئے ہیں۔

عارف الرحمان علوی کا مختصر تعارف

پاکستان کے نئے صدر بننے والے عارف الرحمان علوی نے ہندوستان سے ہجرت کرکے پاکستان آنے والے گھرانے میں آنکھ کھولی۔ 29 جولائی سن 1949 کو کراچی میں پیدا ہونے والے عارف علوی پیشے کے لحاظ سے ڈینٹسٹ ہیں اور انکا شمار ملک کے معروف ترین دانتوں کے معالجین میں کیا جاتا ہے۔ امریکہ کی میشیگن یونیورسٹی سے فارغ الاتحصیل عارف علوی پاکستان ڈینل ایسویس ایشن سے وابسطہ رہے بلکہ بطور صدر ایشیاء پیسیفک ڈینٹل فاوندیشن میں بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

بلوچستان کا احساس محرومی دور کرنے کی کوشش کروں گا، عارف علوی

69 سالہ عارف علوی پاکستان تحریک انصاف کے بنیادی ممبر ہیں اور انہوں نے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز پولنگ ایجنٹ کے طور پر کیا۔ سن 1997 میں پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے رکن بننے والے عارف علوی نے پہلی مرتبہ سن 1997 برس کراچی سے صوبائی اسمبلی کی نشست کیلئے انتخاب لڑا۔

سن2001 میں عارف علوی کو تحریک انصاف کا نائب صدر بنادیا گیا۔ سن 2002 میں عارف علوی نے پھر صوبائی اسمبلی کی نشست کیلئے قسمت آزمائی کی۔ پہلی مرتبہ مسلم لیگ نواز کے سلیم ضیا اور دوسری مرتبہ متحدہ مجلس عمل کے عمر صادق سے شکت کھاگئے۔

Pakistan Arif Alvi
تصویر: picture alliance/dpa/S.Akber

عارف علوی سن 2006 سے 2013 تک پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری رہے اور 2013 کے انتخابات میں انہیں قومی اسمبلی کی نشست پر کامیابی حاصل ہوئی۔ اس مرتبہ وہ ایم کیو ایم کی خاتون امیدوار خوشبخت شجاعت کے خلاف الیکشن جیتنے میں کامیاب رہے۔

سن 2016 میں عارف علوی کو پارٹی کا صوبائی صدر نامزد کیا گیا اور 25 جولائی کے انتخابات میں عارف علوی دوسری مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے جبکہ 18 جولائی کو پارٹی قیادت نے انہیں صدارتی امیدوار نامزد کردیا۔