1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طویل تاخیر کے شکار ایئر پورٹ کا بالآخر افتتاح کر دیا گیا

1 مئی 2018

پاکستانی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں طویل تاخیر کے شکار نئے ایئر پورٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ ناقص سہولیات کی وجہ سے بے نظیر بھٹو ایئر پورٹ کو مسافروں کی طرف سے شدید تنقید کا سامنا رہتا تھا۔

https://p.dw.com/p/2wyBt
Pakistan Flughafen Islamabad
تصویر: Getty Images/A. Qureshi

نئے انٹرنیشنل اسلام آباد ایئر پورٹ پر اترنے والی پہلی کمرشل فلائٹ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی تھی اور لینڈنگ کے بعد پائلٹ کاک پٹ سے پاکستانی پرچم لہرا رہا تھا۔ شیشے کے چمکدار داخلی دروازوں، چیک ان کے لیے کشادہ جگہ اور بورڈنگ کے لیے خصوصی راستوں کے ذریعے انگریزی کے حرف وائے شکل کے اس ایئر پورٹ پر مسافروں کی تمام شکایات دور کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

پاکستانی وزیر اعظم کا افتتاحی خطاب میں کہنا تھا، ’’یہ ایئرپورٹ گزشتہ پانچ برس میں ہونے والی ترقی کی علامت ہے۔‘‘ وزیر اعظم کی سیاسی جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز عام انتخابات سے پہلے پہلے اس ایئرپورٹ کا افتتاح چاہتی تھی تاکہ معاشی ترقی کے اعدادو شمار پیش کرتے ہوئے عوام میں مقبولیت حاصل کی جا سکے۔ وزیر اعظم کی جماعت گزشتہ پانچ برسوں میں بنیادی ڈھانچے میں بہتری اور بجلی کی قلت کو ختم کرنے کے لیے اربوں ڈالر خرچ کر چکی ہے۔

Pakistan Flughafen Islamabad
تصویر: Getty Images/A. Qureshi

پاکستان کے وزیراعظم کا، جن کے پاس پائلٹ کا لائسنس بھی ہے اور ایک نجی پاکستان ایئرلائن کے بانی بھی ہیں، کہنا تھا کہ ملتان، فیصل آباد، کوئٹہ اور پشاور کے ایئر پورٹ بھی اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔

اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو  ہوائی اڈے کو سن 2014 میں دنیا کا بد ترین بین الاقوامی ہوائی اڈہ قرار دیا گیا تھا۔ نیا ہوائی اڈہ پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد کے مرکز سے تیس کلومیٹر کی دوری پر تعمیر کیا گیا ہے۔ اسے شہر سے ملانے کے لیے ایک خصوصی موٹر وے بھی تعمیر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اسے میٹرو بس سسٹم کے ساتھ بھی جوڑا جا رہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق نیا ہوائی اڈہ سالانہ بنیادوں پر نوے لاکھ مسافروں اور پچاس ہزار میٹرک ٹن سامان کی آمد و رفت کو سنبھال سکے گا۔ اس نئے ہوائی اڈے پر دنیا کا سب سے بڑا ہوائی جہاز ایئر بس 380 بھی اتر سکے گا۔ ایئر پورٹ پر پندرہ جیٹی یا پیسنجر برج بھی بنائے گئے ہیں تا کہ مسافر بسوں میں سوار ہوئے بغیر براہ راست ہوائی جہازوں میں داخل ہو سکیں۔

اس ہوائی اڈے کی تعمیر پر تقریباً دس برس کا عرصہ لگا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ سن 2016 سے اس ہوائی اڈے کے افتتاح کے لیے بار بار مختلف تاریخوں کے اعلان کا سلسلہ جاری تھا۔

Pakistan Flughafen Islamabad
تصویر: Getty Images/A. Qureshi

ا ا / ا ب ا