1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

باویریا میں انتخابات، جرمن چانسلر کی قیادت کے لیے کتنے اہم؟

8 اکتوبر 2018

جرمن صوبے باویریا اور ہیسے میں اسی ماہ ریاستی انتخابات منعقد ہونے جا رہے ہیں۔ ان انتخابات کو جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی قیادت کے لیے ایک امتحان بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/36Bj5
Kiel Deutschlandtag der Jungen Union | Angela Merkel
تصویر: picture-alliance/dpa/C. Rehder

ذرائع ابلاغ سے منسلک مبصرین  کے ایک گروپ’ اؤبر میڈین‘ نے گزشتہ ماہ انکشاف کیا کہ انگیلا میرکل کے ’دور کے آغاز اور اختتام‘ سے متعلق 2001ء یعنی اس وقت سے ہی رپورٹیں شائع کی جا رہی ہیں، جب انہیں کرسچن ڈیموکریٹک یونین ( سی ڈی یو) کی پہلی خاتون سربراہ بنے ابھی ایک سال گزرا تھا۔

 میرکل کو اس دوران کئی چیلنجز کا سامنا بھی رہا ہے۔ اس کی تازہ مثال گزشتہ ماہ کی ہے، جب ان کے ایک قریبی ساتھی فولکر کاؤڈر کو قدامت پسند یونین جماعتوں نے مشترکہ پارلیمانی حزب کے سربراہ کے لیے منتخب نہیں کیا۔

Kiel Deutschlandtag der Jungen Union | Angela Merkel
تصویر: picture-alliance/dpa/C. Rehder

کاؤڈر کی جگہ قدرے غیر معروف رالف بِرکن ہاؤس کے اس عہدے کے لیے منتخت ہونے کو کچھ حلقے اس امر کی نشانی کے طور پر بھی دیکھ رہے ہیں کہ میرکل کی جماعت میں ان کی حمایت کم ہوتی جا رہی ہے۔

گزشتہ ہفتے شمالی شہر کیل میں سی ڈی یو کے یوتھ ونگ کا سالانہ اجلاس ہوا، جس میں نوجوان رہنما پاؤل زیمیئک نے میرکل سے پارٹی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر صوبہ باویریا میں سی ڈی یو کی ہم خیال جماعت کرسچن سوشل یونین ( سی ایس یو) کے ایک رہنما نے میرکل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کا یقین نہیں ہے کہ میرکل  کی قیادت میں پارٹی آگے بڑھ سکتی ہے۔

چند سیاسی مبصرین کی رائے میں  چودہ اکتوبر کو باویریا میں جبکہ اٹھائیس اکتوبر کو ہیسے میں ہونے والے ریاستی انتخابات کے نتائج اگر سی ڈی یو اور سی ایس یو کے بہت زیادہ حق میں نہیں آتے تو چانسلر انگیلا میرکل کو پارٹی قیادت کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ سی ڈی یو کا پارٹی اجلاس دسمبر میں ہیمبرگ میں ہو گا اور ممکن ہے کہ پارٹی قیادت کے لیے میرکل کے مخالف کوئی امیداور سامنے آئے۔ اس پارٹی کانفرنس میں میرکل کو پارٹی سربراہ کے طور پر دوبارہ منتخب کیا جائے گا۔

انگیلا میرکل نے چوتھی مرتبہ چانسلر کا حلف اٹھا لیا