1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شور کے خلاف شعور کا عالمی دن

25 اپریل 2012

25 اپریل دُنیا بھر میں شور کے خلاف شعور اجاگر کرنے کا عالمی دن ہے۔ وفاقی جرمن محکمہء ماحولیات کے مطابق جرمنی کی بھی 55 فیصد آبادی شور سے پریشان رہتی ہے۔

https://p.dw.com/p/14kiT
تصویر: BilderBox

اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ انسان مسلسل شور کی وجہ سے بیمار بھی پڑ جاتا ہے۔ جرمنی کے بڑے شہروں میں شور کی سب سے بڑی وجہ ٹریفک ہے۔ ٹریفک کے شور کو کم کرنے کے لیے جرمنی کے زیادہ تر شہروں اور قصبوں میں بلدیاتی ادارے اور دیگر کمپنیاں اب زیادہ سے زیاد ایسی بسیں اور ٹرک استعمال کرنے لگے ہیں، جنہیں چلانے کے لیے پٹرول یا ڈیزل نہیں بلکہ گیس استعمال کی جاتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کے مقابلے میں گیس سے چلنے والی گاڑیاں ماحول کے لیے ضرر رساں مادے بھی کم خارج کرتی ہیں اور پچاس فیصد تک کم شور کا بھی باعث بنتی ہیں۔ جرمنی میں ابھی سے ایک سو سے زیادہ بلدیاتی ادارے ایسی بسیں چلا رہے ہیں، جن میں گیس استعمال ہوتی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق کم شور کا باعث بننے والی ان بسوں کی مجموعی تعداد ڈیڑھ ہزار کے قریب بنتی ہے۔ صرف برلن شہر میں صحت و صفائی کا محکمہ ایسی 120 گاڑیاں استعمال میں لا رہا ہے۔

کم شور والی بسوں اور ٹرکوں کا فائدہ خاص طور پر صبح کے اوقات میں ہوتا ہے، جب زیادہ تر لوگوں کو اپنے تعلیمی اداروں یا دفاتر میں پہنچنے کی جلدی ہوتی ہے اور جب سپر مارکیٹوں کو ساز و سامان پہنچایا جاتا ہے۔

ڈیزل سے چلنے والے انجن آہستہ آہستہ رفتار پکڑتے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ ڈیزل کے جلنے کی رفتار تیز تر ہوتی چلی جاتی ہے۔ اِس کے نتیجے میں گاڑی کے انجن میں تھرتھراہٹ بھی زیادہ پیدا ہوتی ہے اور شور بھی۔ اِس کے برعکس گیس یکساں رفتار سے جلتی ہے، انجن ہموار انداز میں چلتا ہے اور یوں کم شور خارج کرتا ہے۔

شہروں میں شور کی سب سے بڑی وجہ ٹریفک ہے
شہروں میں شور کی سب سے بڑی وجہ ٹریفک ہےتصویر: picture alliance/dpa

ماہرین کے مطابق گیس سے چلنے والی گاڑیوں سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج بھی پچیس فیصد کم ہوتا ہے۔ ڈیزل انجنوں کے مقابلے میں گیس سے چلنے والی گاڑیوں میں نائٹرس گیسوں کے اخراج میں تو 95 فیصد تک کی کمی ہو جاتی ہے۔

گیس سے چلنے والی گاڑیوں کے زیادہ سے زیادہ استعمال کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ماحول اور شور کے حوالے سے یورپی یونین کے ضوابط بھی زیادہ سے زیادہ سخت ہوتے جا رہے ہیں۔ مثلاً ہالینڈ کے بڑے شہروں میں ابھی سے اُس خصوصی ضابطے پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے، جس کے تحت 65 ڈیسی بل سے زیادہ شور کرنے والے ٹرکوں کو صرف صبح کے سات سے لے کر شام کے سات بجے تک ہی شہروں کے مرکزی علاقوں میں جانے کی اجازت ہوتی ہے۔

گیس سے چلنے والی بسوں اور ٹرکوں کو اس لیے بھی زیادہ سے زیادہ مقبولیت حاصل ہو رہی ہے کہ گیس ڈیزل کے مقابلے میں30 فیصد تک سستی ہے۔ جرمنی میں آج کل ایسے پمپ اسٹیشنوں کی تعداد تقریباً 900 ہے، جہاں سے موٹر گاڑیوں میں گیس بھروائی جا سکتی ہے۔

aa/aba(dpa)