1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شدت پسند مسلم بچے جرمنی کے لیے ’سنگین خطرہ‘

7 اگست 2018

جرمنی کے داخلی سلامتی کے نگران خفیہ ادارے کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں شدت پسند مسلم خاندانوں کے بچے معاشرے کے لیے ’سنگین خطرہ‘ ہو سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/32jty
Deutschland Hildesheim Polizei verhaftet Islamisten
تصویر: Getty Images/A. Koerner

جرمنی کے داخلی سلامتی سے متعلق خفیہ ادارے بی ایف وی (ادارہ برائے تحفظ آئین) کے سربراہ ہانس گیورگ ماسین کے مطابق شدت پسند مسلم گھرانوں میں پرورش پانے والے بچے جرمن معاشرے کے لیے خطرات کا باعث ہیں۔ انہوں نے چھ اگست کے روز اپنے ایک بیان میں کہا، ’’مسلم شدت پسند گھرانوں میں پرورش پانے والے بچے جرمنی کے لیے کوئی چھوٹا خطرہ نہیں ہیں۔‘‘

جرمنی: انتہائی دائیں بازو کی ’رائش بُرگر تحریک‘ مزید مضبوط

جرمنی: ’شریعہ پولیس‘ قائم کرنے والوں پر دوبارہ مقدمہ

فُنکے میڈیا گروپ کے جرائد میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق بی ایف وی کے سربراہ نے کہا کہ بچوں اور نوجوانوں میں شدت پسندی کے رجحان میں ماضی کے مقابلے میں تیز رفتار اضافے کے اشارے مل رہے ہیں۔

جرمنی کے اس وفاقی انٹیلیجنس ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں قریب تین سو بچے اس صورت حال کا شکار ہیں۔ فُنکے میڈیا گروپ نے ملکی خفیہ ادارے کی ایک رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے، ’’ان بچوں کو شروع سے ہی دنیا کی بابت شدت پسندانہ سوچ سکھائی جاتی ہے اور دیگر افراد کے خلاف تشدد کو جائز بتایا جاتا ہے۔‘‘

اس رپورٹ میں ایسے خاندانوں سے متعلق بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے جو مشرق وسطیٰ کے جنگ زدہ علاقوں کا سفر کر چکے ہیں، جب کہ ان افراد کی بابت بھی خدشات ظاہر کیے گئے ہیں، جو جرمنی میں ہیں۔

ماسین نے خبردار کیا کہ بچوں میں یہ ’جہادی تصورات‘ خطرات کا باعث ہیں اور آنے والے برسوں میں بڑے مسائل کا باعث بن سکتے ہیں۔

اس ادارے کی رپورٹ کے تناظر میں چانسلر انگیلا میرکل کی جماعت کرسچین ڈیموکریٹک یونین کے متعدد سیاست دانوں کی جانب سے یہ مطالبات بھی سامنے آئے ہیں کہ جرمنی میں سکیورٹی کی خاطر نگرانی کے لیے کم از کم عمر کی حد تبدیل کر کے 14 برس کر دی جائے تاکہ ایسے بچوں کی بھی نگرانی کی جا سکے۔

سی ڈی یو کے ایک سیاست دان پاٹرِک زینسبرگ کے مطابق، ’’اس مطالبے کا مطلب بچوں کو مجرم سمجھنا نہیں، بلکہ 14 برس سے کم عمر کے ایسے بچوں پر، جو ہمارے ملک کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتے ہیں، نگاہ رکھنا ہے۔‘‘

دوسری جانب جرمنی میں شہری حقوق کی ہیومنسٹ یونین (HU) نے ان مطالبات کو ’غیرضروری‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بچے جمہوری دستوری نظام کے لیے خطرات کا باعث نہیں، ’’کیوں کہ کم عمری میں ان کے خیالات پختہ نہیں ہوتے اور ان کی سوچ میں مسلسل تبدیلی آتی رہتی ہے۔‘‘

ع ت، م م (روئٹرز، اے ایف پی، ڈی پی اے)