1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے غلط ہیں، سنجے نروپم

4 اکتوبر 2016

بھارت میں اپوزیشن جماعت کانگریس کے ایک رہنما سنجے نروپم  نے بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں مبینہ طور پر کی گئی سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوؤں کو غیر حقیقی قرار دے دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2Qraj
Indien Pakistan Tote nach Angriff auf indisches Militärlager
بھارت میں کچھ سیاسدانوں نے پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں سرجیکل اسٹرائیکس کے حکومتی دعوے کو غیرحقیقی قرار دیا ہےتصویر: Getty Images/AFP/T. Mustafa
Indien Pakistan Tote nach Angriff auf indisches Militärlager
بھارت میں کچھ سیاسدانوں نے پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں سرجیکل اسٹرائیکس کے حکومتی دعوے کو غیرحقیقی قرار دیا ہےتصویر: Getty Images/AFP/T. Mustafa

بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما سنجے نروپم نے سوشل میڈیا پر دیے اپنے ایک چونکا دینے والے بیان میں کہا ہے، ’’ ہر بھارتی شہری پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیکس کے حق میں ہے لیکن ان ٹارگٹڈ آپریشنز کو حقیقی ہونا چاہیے نہ کہ جھوٹا جیسا کہ بی جے پی کی حکومت نے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے کیا۔‘‘

اس سے قبل نروپم نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ بھارت کو چاہیے کہ پاکستانیوں کو صحیح معنوں میں رُلانے کے لیے پاکستان کے خلاف اصلی سرجیکل اسٹرائیکس کرے ، ’’ گزشتہ مرتبہ کی طرح نہیں جسے پاکستان نے ماننے سے بھی انکار کر دیا تھا۔‘‘

بھارتی اخبار ’دا فنانشیل ایکسپریس ‘ نے اس حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ پہلی بار نہیں کہ نروپم نے قومی یکجہتی کے بجائے سیاست کو مقدم رکھا ہے۔ دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی اور رہنما راہول گاندھی نے سنجے نروپم کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے سرجیکل اسٹرائیکس کی حمایت کی ہے۔

بھارتی اخبار ’دا ٹائمز آف انڈیا ‘ کے مطابق کانگریس کے ترجمان رندیپ سورجوالا نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کے  سرجیکل اسٹرائیکس کے حوالے سے اعلان پر کوئی ابہام نہیں۔ ٹائمز آف انڈیا نے اپنی آج کی اشاعت میں تحریر کیا ہے کہ بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے بھارت کے وزیر دفاع منوہر پاریکر پر بھی سرجیکل اسٹرائیکس کے حوالے سے  سیاسی فوائد حاصل کرنے کے لیے دیے گئے بیان پر کڑی تنقید کی ہے۔

پارٹی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ بی جے پی رہنماؤں کو قومی سلامتی کے معاملات پر سیاست کی دکان چمکانے سے روکے۔ کانگریس کے ترجمان سورجوالا نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان بھارتی سرجیکل اسٹرائیکس کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈا کر رہا ہے لہذاٰ مودی حکومت کو اس کا جواب دینے کے لیے اسٹرائیکس کے ثبوت مہیا کرنے چاہئیں۔

ادھر نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے سرجیکل اسڑائیکس کے ثبوت منظر عام پر لانے کا مطالبہ کردیا ہے۔ ایک بیان میں کیجر وال نےکہا ہےکہ بی جے پی حکومت سرجیکل اسٹرائیکس کے معاملے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔