1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

'اتنی مہنگائی، کیا یہ نیا پاکستان ہے؟‘

3 دسمبر 2021

سربیا میں پاکستانی سفارت خانے کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے عمران خان کے نام ’احتجاجی ٹوئیٹ‘ میں سفارتی عملے کو تین ماہ سے تنخواہ نہ ملنے کا شکوہ کیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق ایمبیسی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک ہوگئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/43mSQ
پاکستانی وزیراعظم عمران خان
پاکستانی وزیراعظم عمران خانتصویر: Reuters/B. Mcdermid

سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں واقع پاکستانی سفارتخانے کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ ہینڈل (PakinSerbia@) پر آج تین دسمبر کو ایک غیرمعمولی ٹوئیٹ دیکھنے میں آئی۔ اس ٹوئیٹ میں مبینہ طور پر سفارتخانے کی جانب سے پاکستانی وزیراعظم عمران خان  کے نام ایک پیغام لکھا گیا، ''مہنگائی نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ عمران خان آپ ہم سرکاری اہلکاروں سے کب تک خاموش رہنے کی اور گزشتہ تین ماہ سے تنخواہ کے بغیر کام کرنے کی توقع کب تک کرتے رہیں گے، ہمارے بچوں کو فیس کی عدم ادائیگی کے سبب اسکولوں سے نکالا جارہا ہے۔ کیا یہ نیا پاکستان ہے؟‘‘

اس کے علاوہ مذکورہ ٹوئیٹ میں وزیراعظم عمران خان کے ایک مقبول فقرے 'گھبرانا نہیں ہے‘  سے منسلک ایک مزاحیہ ویڈیو بھی شامل کی گئی تھی۔ واضح رہے پاکستان ایمبیسی کے اکاؤنٹ سے یہ ٹوئیٹ اب حذف کی جاچکی ہے۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے دفتر  نے ایک ٹوئیٹ میں بتایا کہ سربیا میں پاکستانی ایمبیسی کا ٹوئٹر اور انسٹاگرام کا اکاؤنٹ ہیک ہوچکے ہیں اور ٹوئیٹ میں پوسٹ کیے گئے پیغام کا تعلق سربیا میں پاکستانی سفارتخانے سے نہیں ہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن برائے ڈجیٹل میڈیا، ارسلان خالد نے بھی اپنے ٹوئیٹ میں لکھا کہ پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے اس واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

مذکورہ ٹوئیٹ سامنے آنے کے بعد پاکستان میں سوشل میڈیا پر NayaPakistan# اور Serbia ٹاپ ٹرینڈ کر رہے ہیں۔ ادھر پڑوسی ملک بھارت میں بھی پاکستانی سفارتخانے کی یہ متنازعہ ٹوئیٹ خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔

ع آ / ا ب ا (سوشل میڈیا ڈیسک)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں