1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
آفات

زلزلہ اور سونامی: انڈونیشیا میں ہلاکتوں کی تعداد 384 ہو گئی

29 ستمبر 2018

انڈونیشیا میں آنے والے طاقتور زلزلے اور سونامی کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد تین سو چوراسی تک پہنچ گئی ہے جبکہ حکام نے اس میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ہسپتالوں میں سینکڑوں زخمیوں کو لایا گیا ہے جبکہ ڈاکٹروں کی کمی ہے۔

https://p.dw.com/p/35guu
Erdbeben Tsunami in Indonesien Palu
تصویر: Getty Images/AFP/M. Rifki

حکام نے ہفتے کے دن بتایا کہ جمعے کے دن آنے والے زلزلے اور سونامی نے انڈونیشیا کے دو مرکزی شہروں میں تباہی مچا دی ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق ان دو شہروں میں کم از کم تین سو چوراسی افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہو گئے ہیں۔

7.5 شدت کے زلزلے کے بعد سونامی کی لہریں پانچ فٹ تک اٹھیں، جس کی وجہ سے ساڑھے تین لاکھ آبادی والے شہر پالو میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ طبی ذرائع نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

Erdbeben Tsunami in Indonesien Palu
تصویر: Getty Images/AFP/M. Rifki

نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق صوبہ سولاویسی کے شہر پالو میں ہسپتال زخمیوں سے بھر چکے ہیں جبکہ وہاں ڈاکٹروں کی کمی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کے ساتھ ساتھ مواصلات کا نظام تباہ ہو کر رہ گیا ہے جبکہ ان علاقوں میں لوگوں تک رسائی حاصل کرنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔

انڈونیشیا میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے کے ایک ترجمان سٹوپو پورو نوگورو کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جس وقت یہ سونامی آیا، اس وقت پالو میں ایک بیچ فیسٹیول جاری تھا اور اس فیسٹیول میں شریک سینکڑوں افراد کی قسمت کے بارے میں کچھ پتا نہیں ہے۔

اسی طرح اس صوبے کے ڈونگلہ شہر میں بھی تباہی پھیلی ہے اور اس شہر کی آبادی تین لاکھ کے قریب ہے۔ اس شہر سے گزرنے والے ایک دریا کا پُل ٹوٹ گیا تھا اور پانی آبادی میں داخل ہو گیا تھا۔ انڈونشیا کے ایک مقامی ٹیلی وژن پر سمارٹ فون سے بنائی گئی ایک ویڈیو دکھائی گئی ہے، جس میں پالو شہر میں بلند لہروں کے بعد لوگوں کو چیخیں مارتے اور افراتفری میں بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اقوام متحدہ کے ایک ترجمان کے مطابق وہ انڈونیشی حکام کے ساتھ رابطے میں اور کسی بھی ہنگامی مدد کے لیے تیار ہیں۔

Indonesien Nach dem Erdbeben und dem Tsunami in Palu, Central Sulawesi
تصویر: Getty Images/AFP/M. Rifki

ا ا / ع ب ( اے پی، ڈی پی اے، روئٹرز)