1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ریڈ کراس بھی ’کراؤڈ فنڈنگ‘ کی راہ پر

2 اکتوبر 2018

بین الاقوامی امدادی ادارے ریڈ کراس نے پہلی مرتبہ اپنے کسی منصوبے کے لیے ’کراؤڈ فنڈنگ‘ کی مدد سے پیسے جمع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلی کراؤڈ فنڈنگ درخواست پاکستان میں چار سو بچوں کے علاج کے ایک منصوبے کے لیے کی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/35rTz
ICRC in Pakistan Suspendierung der Aktivitäten Archibild
تصویر: picture-alliance/dpa

انٹرنیشنل ریڈ کراس (آئی سی آر سی) پاکستان میں مڑے ہوئے پاؤں کے مرض میں مبتلا چار سو بچوں کے علاج کے لیے ایک منصوبہ شروع کر رہی ہے۔ ان بچوں کے علاج کے لیے 98 ہزار ڈالر درکار ہیں۔ ریڈ کراس نے ان بچوں کے علاج کے لیے درکار رقم چندے کی مدد سے جمع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ پہلی مرتبہ ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی امدادی تنظیموں میں سے ایک سمجھے جانے والی ریڈ کراس نے ایسے کسی منصوبے کے لیے ’کراؤڈ فنڈنگ‘ کا سہارا لیا ہے۔ اس ضمن میں پاکستان میں مڑے ہوئے پاؤں کی بیماری (کلب فٹ) میں مبتلا چار سو پاکستانی بچوں کے علاج کے لیے چندہ جمع کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

آئی سی آر سی نے ’کراؤڈ فنڈنگ‘ کے لیے اپنی ویب سائٹ پر ایک الگ صفحہ متعارف کرایا ہے۔ پاکستان سے متعلق اس منصوبے  کے لیے تیس دنوں میں مطلوبہ رقم جمع کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ ویب سائٹ پر پاکستان میں اس بیماری کے علاج کے لیے ادارے کی کوششوں کی تفصیلات بھی درج کی گئی ہیں اور منصوبے کے بارے میں ویڈیو اور تصاویر کی مدد سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

ڈی پی اے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں چھ سے سات ہزار ایسے بچے ’مڑے ہوئے پاؤں‘ کے مرض میں مبتلا، جن کے والدین ان کے علاج کی استطاعت نہیں رکھتے۔

ریڈ کراس کو جنگ زدہ علاقوں میں مسلح تنازعات کا نشانہ بنے والے انسانوں کی مدد کے لیے سرگرم عالمی ادارے کے طور پر جانا جاتا ہے۔ یہ ادارہ عام طور پر مالی وسائل کے لیے حکومتوں کی جانب سے فراہم کردہ امداد پر انحصار کرتا ہے تاہم انٹرنیٹ کے ذریعے چندہ جمع کرنے (کراؤڈ فنڈنگ) کا یہ پہلا تجربہ ہے۔

آئی سی آر سی نے اگلے مہینے کے لیے دو دو دیگر منصوبوں کا اعلان بھی ابھی سے اسی ویب سائٹ پر کر دیا ہے۔ ایک منصوبہ لبنان میں معذور بچوں کی مدد اور دوسرا کمبوڈیا میں معذور خواتین کھلاڑیوں کی مدد سے متعلق ہے۔

تفصیلات اس لنک میں