1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس میں ایک ہسپتال میں آگ لگنے کا حادثہ: کم از کم 36 مریض ہلاک

Kishwar Mustafa26 اپریل 2013

ہنگامی وزارت کی اطلاعات کے مطابق حادثے کے چند گھنٹوں کے بعد ہی اس ہسپتال کی زرد رنگ کی عمارت سے اُٹھتے ہوئے گہرے دھوئیں کے دھندلکے میں 12 لاشیں برآمد کر لی گئی تھیں۔

https://p.dw.com/p/18NnO
تصویر: Reuters

ماسکو کے ایک نفسیاتی ہسپتال میں آگ لگنے کے نتیجے میں کم از کم 36 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ آج جمعے کو روسی دارالحکومت کے شمال میں قائم اس ہسپتال میں صبح کے اوقات میں یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب کچھ مریض سو رہے تھے۔ زیادہ تر ہلاکتیں اُن مریضوں کی ہوئیں جو اپنے بستر میں تھے یا جو بند کھڑکیوں کے سبب اپنے کمروں میں پھنسے رہے اور آگ کے شعلوں نے انہیں اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

روسی حکام کے مطابق اس ہسپتال کی ایک منزلہ عمارت ماسکو کے ایک شمالی گاؤں ’رامنسکی‘ کے ایک جنگلاتی علاقے میں قائم تھی۔ ہنگامی وزارت کی اطلاعات کے مطابق حادثے کے چند گھنٹوں کے بعد ہی اس ہسپتال کی زرد رنگ کی عمارت سے اُٹھتے ہوئے گہرے دھوئیں کے دھندلکے میں 12 لاشیں برآمد کر لی گئی تھیں۔

ماسکو کے عبوری گورنر آندرئی فوربیوف نے بتایا کہ اس نفسیاتی ہسپتال کی ایک نرس نے دو مریضوں کو بچا لیا جب کہ خیال ظاہر کیا جاتا ہے کہ آگ کے شعلے پھیلنے کے وقت کم از کم 36 مریض ہسپتال کی عمارت میں موجود تھے۔ دریں اثناء ایک اور سرکاری اہلکار نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے مریضوں کی تعداد 38 تھی۔

Brand Moskau 26.04.2013
امدادی ٹیم آگ بجھانے کی کوشش میںتصویر: Reuters

آندرئی فوربیوف نے روسی ٹیلی وژن کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں آگ کے شعلے پلک جھپکتے بھڑک اُٹھے اور یہ عمل اتنا تیز رفتار تھا کہ اس کے خلاف کچھ بھی نہ کیا جا سکا۔ انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی نرس نے آج صبح جب مریضوں کے کمروں کے دروازے کھولے تو اُسے دھویں کے سوا کچھ نظر نہ آرہا تھا۔ آگ کے شعلے اتنی تیزی سے پھیلے کے یہ نرس آتش بجھانے والے آلے تک بھی نہ پہنچ سکی۔ روس کے عبوری گورنر کے مطابق اس ہسپتال کے کمروں کی کچھ کھڑکیوں کو کھولنے پر پابندی تھی جب کہ چند کھولی جا سکتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے تفتیش کاروں کو اس حادثے کی تفتیش میں مدد ملے گی اور وہ یہ اندازہ لگا سکیں گے کہ آیا کھڑکیوں کو کھولنے سے متعلق قواعد و ضوابط مریضوں کو فرار ہونے کے موقع سے محروم رکھنے کا سبب بنے ہیں یا نہیں۔ آندرئی فوربیوف کے بقول،’ظاہر ہے کہ حادثہ پیش آنے کے وقت ہسپتال کے کمرے میں موجود تمام افراد سو رہے تھے اور یہ سب مریض تھے۔ آگ سے بچاؤ کے لیے بھاگنے کی صورت میں انہیں کسی کی مدد چاہیے تھی‘۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس ہسپتال سے نزدیک ترین فائر اسٹیشن بھی 40 منٹ کی ڈرائیو پر تھا۔

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے اس سانحے کی وضاحت طلب کر لی ہے اور ہنگامی امداد کے تمام اداروں کو احکامات جاری کر دیے ہیں کہ وہ جو کچھ کر سکتے ہیں کریں۔ روس میں سرکاری اداروں مثال کے طور پر ہسپتالوں، معمر شہریوں کے علاج معالجے کے مراکز ، اُن کے گھروں اور منشیات کے عادی افراد کے مراکز میں اکثر و بیشتر آگ لگنے کے حادثات پیش آتے رہتے ہیں جس کے سبب حفاظتی اقدامات اور ہنگامی صورتحال میں شہریوں کے لیے موجود فرار کے رستوں کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

Brand Moskau 26.04.2013 QUALITÄT
ہسپتال کی عمارت آگ کے شعلوں میںتصویر: Reuters

اُدھر ماسکو کے علاقوں کے نائب سربراہ دیمتری پیستوف نے کہا ہے کہ نفسیاتی ہسپتال میں جس وقت آگ لگی اُس وقت وہاں 41 مریض داخل تھے جن میں سے تین کو بچا لیا گیا ہے۔ ہسپتال کی عمارت کے سامنے رپورٹرز سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا،’ آگ سے حفاظت کے تمام واچ ڈاگز مسلسل بنیادوں پر تمام تر پبلک اداروں کی کڑی نگرانی کرتے رہتے ہیں اور اس ضمن میں حکومت کو اپنی سفارشات پیش کرتے رہتے ہیں۔‘

نفسیاتی ہسپتال کے اس حادثے کی وجوہات کے بارے میں اب تک کئی مفروضات پیش کیے جا چکے ہیں جن میں شاٹ سرکٹ شامل ہیں۔

حادثہ پیش آنے کے بعد ماسکو کینال کی دوسری طرف کھڑے بہت سے افراد کشتیوں کے ذریعے ساحل پار کر کہ ہسپتال کی طرف آنا چاہتے تھے تاکہ وہ ہسپتال میں داخل اپنے رشتہ داروں کی خبر لے سکیں تاہم پولیس نے ان کی کشتیوں کو ہسپتال کی طرف ساحلی علاقے تک آنے سے روک دیا۔ کونسٹانٹین، جن کے والد ہسپتال میں زیر علاج تھے نے ایک بیان میں کہا،’پولیس ہمیں اُدھر جانے نہیں دے رہی آخر ہم کیسے پتہ چلائیں کہ ہمارے عزیزیوں کا کیا بنا؟ وہاں کی صورتحال ناگفتہ بہ تھی ایک کچی آبادی کی طرح‘۔

روس میں 2011 ء میں مختلف پبلک مقامات پر آگ لگنے کے حادثے میں 12 ہزار انسانی جانیں ضائع ہوئی تھیں جب کہ 2012 ء کے پہلے نو ماہ کے اندر یہ تعداد سات ہزار سات سو بتائی جاتی ہے۔ امریکا اور دیگر مغربی ممالک کے مقابلے میں روس میں آگ سے ہلاک والوں کی فی شخص شرح کہیں زیادہ ہے۔

km/at(AFP)