1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میانمار کی مسجد میں آتشزدگی سے متعدد بچے ہلاک

2 اپریل 2013

میانمار کی ایک مسجد میں 13 بچے آگ کی لپیٹ میں آکر ہلاک ہوگئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔

https://p.dw.com/p/187ri
تصویر: Reuters

مشرقی ایشیائی ریاست میانمار میں ان دنوں مسلمانوں اور بدھوں کے مابین کشیدگی پائی جاتی ہے تاہم منگل کو علی الصبح ینگون شہر کی مسجد میں لگنے والی آگ کو حادثہ قرار دیا جارہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ مشرقی ینگون میں پیش آیا جہاں ایک دو منزلہ عمارت میں مسجد، مدرسہ اور طالب علموں کی رہائش کا بندوبست تھا۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق واقعے کے فوری بعد قریب دو سو مسلمان رہائشی وہاں جمع ہوگئے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے پر قابو پانے کے لیے پولیس کی نفری بھی فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی تھی۔

میانمار کے Meikhtila  شہر میں مسلم بدھ فسادات کے سبب درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ایک اندازے کے مطابق دس ہزار سے زائد لوگ گھر بار چھوڑ کر دوسرے علاقوں کا رخ کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ اے پی کے مطابق تشدد کا نشانہ بننے والوں کی بڑی تعداد روہنگیا نسل کے مسلمانوں کی ہے۔ ینگون میں لگنے والی آگ کے متعلق کہا جارہا ہے کہ اس کا سبب بجلی کا شارٹ سرکٹ تھا۔ مدرسہ منتظمین کے بقول حادثے کے وقت بیشتر بچے سورہے تھے اسی لیے نقصان بھی زیادہ ہوا۔ مقامی پولیس عہدیدار تھیٹ لون نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ بجلی کا شارٹ سرکٹ تھا اور یہ کوئی تخریبی کارروائی نہیں۔

مسلمانوں کی ایک مقامی تنظم کے سربراہ ضیاء محی الدین کے بقول اس آتشزدگی کے بعد فوری طور پر مسجد کی جانب دوڑ لگا دی تھی جہاں سے چیخ و پکار کی آوازیں آرہی تھیں۔ ان کے بقول مقامی آبادی اس واقعے پر سخت غم و غصے میں مبتلا ہے اور حکام سے یہ پرزور مطالبہ کر رہے ہیں کہ واقعے کے حقائق عام کیے جائیں۔

sks/ ng (AP)