1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس میں آتش زدگی، اکتالیس بچے بھی ہلاک ہوئے

27 مارچ 2018

روسی شہر کیمیروو میں اتوار کے دن ایک شاپنگ مال میں آتش زدگی کی وجہ سے مارے جانے والوں میں اکتالیس بچے بھی شامل ہیں۔ اس خونریز حادثے کے نتیجے میں مجموعی طور پر چونسٹھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/2v2nG
Russland Wladimir Putin Gedenken in Kemerowo nach Brand in Einkaufszentrum
تصویر: picture-alliance/AP Photo/Sputnik/A. Druzhinin

خبر رساں ادارے روئٹرز نے روسی سرکاری نیوز ایجنسی انٹرفیکس کے حوالے سے ستائیس مارچ بروز منگل بتایا ہے کہ روسی علاقے سائبیریا میں واقع شہر کیمیرووا میں اتوار کے دن ایک شاپنگ مال میں آتش زدگی کے نتیجے میں مارے جانے والوں میں بچوں کی تعداد اکتالیس بنتی ہے۔ اس بیان کے مطابق ہلاک شدگان کی فہرست جلد ہی لواحقین کے حوالے کر دی جائے گی۔

روس: شاپنگ مال میں آتشزدگی، ساٹھ سے زائد افراد ہلاک

روس کے ایک ہسپتال میں آگ لگنے سے کم از کم 23 ہلاک

علاج گاہ میں آتشزدگی، 37 ہلاکتیں

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے منگل کے دن سائبیریا میں واقع اس شہر کا دورہ بھی کیا ہے۔ کوئلے کی کان کنی کی وجہ سے شہرت یافتہ صعتی شہر کیمیروو کے دورے کے دوران انہوں نے کہا ہے کہ اس حادثے کی وجہ ’مجرمانہ غفلت‘ بنی۔ انہوں نے حادثے کا شکار ہونے والے ’ونٹر چیری کمپلیکس‘ کے باہر پھول رکھے اور ایک خصوصی یادگاری تقریب میں بھی شرکت کی۔

اس موقع پر پوٹن نے کہا، ’’ یہاں کیا ہو رہا ہے؟ یہ کوئی مسلح کارروائی نہیں تھی۔ یہ متھین گیس کے اخراج کا کوئی غیرمتوقع واقعہ بھی نہیں تھا۔ لوگ اور بچے اس کمپلیکس میں آرام کی خاطر آئے تھے۔‘‘ انہوں نے اس حادثے پر تبصرہ کرتے ہوئے مزید کہا، ’’ایسا کیوں ہوا؟ اس کی وجہ مجرمانہ غفلت اور لاپرواہی بنی۔‘‘

Russland Brand im Einkaufszentrum der sibirischen Stadt Kemerowo
اس خونریز حادثے کے نتیجے میں مجموعی طور پر چونسٹھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہےتصویر: picture-alliance/dpa/Tass/D. Aikin

کیمیروو کے حکام نے اس حادثے کے بعد تین دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔ تاہم کئی ناقدین کا کہنا ہے کہ کریملن کو ملک بھر میں سوگ کا اعلان کرنا چاہیے تھا۔ ان ناقدین کے مطابق روس کے قومی نشریاتی اداروں نے اس سانحے کے باوجود اپنے انٹرٹینمنٹ کے پروگراموں کو بند نہیں کیا۔ سوویت یونین کے ٹوٹنے کے بعد روس میں آتشزدگی کا یہ سب سے بڑا خونریز واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔

روسی پولیس نے بتایا ہے کہ اس شاپنگ مال میں آگ اس وقت لگی، جب لوگوں کی ایک بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔ بتایا گیا ہے کہ اس مال کی سب سے اوپر والی منزل میں آگ بھڑکی، جہاں بچوں کے کے لیے تفریحی پلے گراؤنڈز اور سینما گھر واقع تھے۔ آتشزدگی کے وقت اس مال میں قائم دو سنیما گھروں میں لوگ فلمیں دیکھ رہے تھے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ اس واقعے کے بعد پانچ افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے، جن میں اس مال کا انتظامی سربراہ اور مالک بھی شامل ہے۔

ع ب / ع ت / روئٹرز