1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس: شاپنگ مال میں آتشزدگی، ساٹھ سے زائد افراد ہلاک

26 مارچ 2018

روس کے شہر کیمورافو کے ایک شاپنگ مال میں آتشزدگی کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی تعداد چونسٹھ ہو گئی ہے جبکہ دس افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔ ہلاک شدگان میں زیادہ تر تعداد بچوں کی بتائی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/2uxYl
Russland Brand in einem Einkaufszentrum in der sibirischen Stadt Kemerowo
تصویر: picture-alliance/dpa/TASS/D. Aikin

خبر رساں ادارے روئٹرز نے روسی حکام کے حوالے سے پیر کے دن بتایا ہے کہ سائبیریا میں کوئلے کی کان کنی کی وجہ سے مشہور شہر کیمورافو میں واقع ایک شاپنگ مال اور اینٹرٹینمنٹ سینٹر میں اتوار کے دن اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی، جس کی وجہ سے اس عمارت کو بری طرح نقصان پہنچا۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس آتشزدگی کی وجہ سے ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد اکتالیس ہو سکتی ہے۔

علاج گاہ میں آتشزدگی، 37 ہلاکتیں

روس میں ایک ہسپتال میں آگ لگنے کا حادثہ: کم از کم 36 مریض ہلاک

روسی شہر پیرم: نائٹ کلب پارٹی اور موت کا رقص

نیوز ایجنسیوں کی رپورٹوں کے مطابق اتوار کے روز پیش آنے والے اس حادثے کے بعد امدادی اور ریسکیو کا کام پیر کے دن بھی جاری ہے۔ فوری طور پر اس آتشزدگی کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم پولیس نے اس واقعے کی مجرمانہ تفتیش کا عمل شروع کر دیا ہے۔

حکام نے بتایا ہے کہ ’ونٹر چیری کمپلیکس‘ میں یہ آگ سب سے اوپر والی منزل پر بھڑکی۔ یہ حادثہ اس وقت رونما ہوا، جب اس منزل پر موجود زیادہ تر افراد وہاں واقع دو سینما گھروں میں فلمیں دیکھ رہے تھے۔ اطلاعات ہیں کہ آگ کی وجہ سے اس ان سنیما گھروں کی چھتیں گر گئیں۔ اس فلور پر بچوں کے پلے گراؤنڈ بھی واقع تھے۔

Russland Brand in einem Einkaufszentrum in der sibirischen Stadt Kemerowo
تصویر: Reuters/D. Saturin
Russland Brand in einem Einkaufszentrum in der sibirischen Stadt Kemerowo
تصویر: Reuters/Russian Emergencies Ministry
Russland Kemerowo - Brand in Einkaufszentrum
تصویر: Imago/TASS/Russian Emergency Situations Ministry

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر جاری کردہ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آتشزدگی کی وجہ سے لوگ اس شاپنگ مال کی کھڑکیوں سے باہر چھلانگیں لگا رہے ہیں۔ اس آگ پر قابو پانے کے لیے 660 فائر فائٹرز تعینات کیے گئے تھے، جنہوں نے سترہ گھنٹوں کی طویل محنت کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔

روسی میڈیا نے بتایا ہے کہ اس حادثے کے بعد اس شاپنگ مال کے انتظامی سربراہ اور دیگر تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گرفتار شدگان میں اس شاپنگ مال کا مالک بھی شامل ہے۔ سوویت یونین کے ٹوٹنے کے بعد روس میں آتشزدگی کا یہ بدترین واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ع ب / ش ح / روئٹرز