1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغان معاشرے کی بلند آواز، کبریٰ خادیمی

عابد حسین7 مارچ 2015

شورش زدہ ملک افغانستان میں خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ صنفی امتیازی رویے پر بظاہر خاموش افغان معاشرے میں اداکارہ کبریٰ خادیمی کا آواز بلند کرنا غیر معمولی رویہ ہے۔

https://p.dw.com/p/1En7p
زرہ پہنے ہوئے کبریٰ خادیمیتصویر: privat

پرانے دور میں جنگ میں استعمال ہونے والی زرہ بکتر پہن کر افغان اداکارہ کبریٰ خادیمی نے کابل کی سڑک پر اُن خواتین کے حق میں احتجاجی آواز بلند کی، جنہیں جنسی طور پر ہراساں کیا جاتا ہے۔ وہ کابل کی سڑک پر بمشکل آٹھ منٹ گزار پائی تھیں اور اب اُنہیں کئی قسم کی دھمکیوں کا سامنا ہے۔ اور اب وہ تقریباً روپوشی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے۔ اُسے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئی ہیں۔

ستائیس برس کی اداکارہ کبریٰ خادیمی افغان معاشرے میں افزائش پاتے اِس رویے کے خلاف آواز بلند کرنے کا سلسلہ مسلسل جاری رکھنا چاہتی ہے، مگر ایسا ممکن نہیں۔ اُسے اکثر و بیشتر خاموش رہنے کی تلقین بھی کی گئی ہے۔ افغانستان کے قدامت پسند معاشرے میں جنسی زیادتی پر کھلے عام آواز اٹھانے کو معاشرتی آداب کے منافی خیال کیا جاتا ہے۔

Kubra Khademi
کبریٰ خادیمی کابل کی سڑک پرتصویر: privat

سن 2013 کے اختتام پر اُس نے کابل کی ثقافتی گیلری میں بھی قدیمی جنگی لباس پہن کر ایک گھنٹے کی پرفارمنس دی تھی۔ اِس پرفارمنس کو بہت سارے لوگوں نے دیکھا تھا اور انہیں دیکھنے کے دوران رنج اور افسوس بھی ہوا۔ کبریٰ خادیمی نے ایک گھنٹے کے شو کے دوران جنسی زیادتی اور ہراساں کرنے کے خلاف پرفارم کرتے ہوئے ماتمی انداز میں اپنے چہرے پر کئی مرتبہ تھپڑ بھی مارے۔ اِس پرفارمنس کے بعد افغان اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ملک کے لوگوں کی اُس قوتِ برداشت کو سامنے لانا چاہتی ہے، جس کا مظاہرہ وہ گزشتہ تیس سالوں سے مسلط جنگ کے دوران کر رہے ہیں۔ اُس نے گزشتہ ماہ فروری کے آخر میں بھی جنگی لباس پہن کر ایک اور شو میں شرکت کی تھی۔

افغانستان میں جنگی حالات کے دور میں پاکستان میں پناہ لیے ہوئے کبریٰ خادیمی سن 2008 میں افغانستان واپس پہنچی تھی اور اُس کے مطابق وہ کئی مرتبہ جنسی طور پر ہراساں کی جا چکی ہیں۔ اُسی سال جب وہ کابل یونیورسٹی میں داخلے کا امتحان دینےجا رہی تھی تو اُس کے ساتھ سڑک پر ہی جنسی زیادتی کی گئی تھی اور کوئی بھی اُس کی مدد کو نہیں پہنچا تھا۔

کبریٰ کے مطابق وہ چیختی رہی لیکن ایسا لگتا تھا کہ لوگوں نے منہ دوسری طرف کر کے کانوں میں انگلیاں دے لی تھیں۔ کبریٰ کا بچپن پاکستانی شہر کوئٹہ میں گزرا تھا اور چار برس کی عمر میں کوئٹہ میں ایک اجنبی نے اُسے پہلی مرتبہ جنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔

Kubra Khademi
کابل کے منچلے کبریٰ خادیمی کو دیکھتے ہوئےتصویر: Mina Rezaee

اُس واقعے کے حوالے سے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس سے گفتگو کرتے ہوئے افغان اداکارہ کبریٰ خادیمی کا کہنا ہے کہ وہ یہ اکثر سوچتی ہے کہ کاش چار سال کی عمر میں اُس نے لوہے کا انڈرویئر پہنا ہوتا تا کہ ایک اجنبی اُس کے ساتھ زیادتی کی کوشش نہ کرتا۔

کابل شہر میں ہونے والی زیادتی کے حوالے سے کبریٰ خادیمی نے کہا کہ سڑک پر کھڑے لوگوں نے میری مدد کرنے کے بجائے آوازے کسے اور اُسے طوائف کہنے سے بھی گریز نہیں کیا۔ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس سے گفتگو کرتے ہوئے کبریٰ خانم کا کہنا تھا کہ ایسی وارداتیں روز ہو رہی ہیں لیکن کسی کو کوئی پریشانی نہیں ہے۔ کبری کے مطابق جنسی زیادتی کے واقعات ضروری نہیں کھلے عام ہو رہے ہوں لیکن یہ سلسلہ جاری ہے۔

یہ امر باعث افسوس ہے کہ افغانستان میں برقعہ پوش خواتین بھی جنسی زیادتی سے محفوظ نہیں ہیں۔ کئی شہروں کی گلیوں میں مرد کھلے عام ایسا کرنے سے گبھراتے نہیں ہیں۔ اِن برقعہ پوش خواتین کو شہر کے بازاروں میں چلتے پھرتے تواتر کے ساتھ غلیظ گفتگو کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اِس کے علاوہ کئی مرد ایسی خواتین کو ہاتھ لگانے سے بھی گریز نہیں کرتے۔

افغانستان میں صنفی امتیاز کا تصور تاحال پختہ نہیں ہے۔ گھروں میں خواتین پر کیے جانے والے تشدد کا کہیں بھی کوئی نوٹس نہیں لیا جاتا۔ ابھی بھی کئی علاقوں میں شادی بیاہ کے موقع پر لڑکیوں کی فروخت کا قدیمی رواج موجود ہے۔ جنسی امتیاز کی جنگ لڑنے والا ناکامی کا شکار ہوتا ہے کیونکہ کوئی بھی مرد اُس کی مدد کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ آج کے دور میں بھی انتظامی عہدوں پر موجود خواتین کی تعداد آٹے میں نمک کے برابر ہے۔