1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جے یو آئی ایف کی طویل خاموشی: خوف اور مایوسی کا نتیجہ ہے؟

عبدالستار، اسلام آباد
12 جون 2020

جمعیت علمائے اسلام (ف) نے بڑے طمطراق کے ساتھ گزشتہ برس نومبر میں اسلام آباد میں پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کے لیے دھرنا دےکر ملک کے سیاسی ماحول کو گرمایا تھا لیکن کئی ناقدین کے خیال میں جمعیت اب خود ٹھنڈی ہوگئی ہے۔

https://p.dw.com/p/3dgzN
Pakistan Maulana Fazlur Rehman Jamiat Ulema-e-Islam Fazl 23. Oktober 2014
تصویر: Banaras Khan/AFP/Getty Images

بعض سیاسی مبصرین اس ٹھنڈ کا تعلق جے یو آئی ایف کے کارکنان میں پائی جانے والی مایوسی سے جوڑتے ہیں اور کچھ کےخیال میں اسٹیبلشمنٹ کے خوف کی وجہ سے جمعیت نے سیاسی سرگرمیوں کو محدود کر دیا ہے اور اب وہ اسٹیبلشمنٹ مخالف بیانیے کو اس شدومد سے بیان نہیں کر رہی، جس طرح کے وہ گزشتہ برس نومبر میں کر رہی تھی۔

واضح رہے اس دھرنے میں مولانا فضل الرحمٰن اسٹیبلشمنٹ پر بھی خوب برسے تھے، جب کہ عمران خان کی بھی انہوں نے کھل کر مخالفت کی تھی۔

جے یو آئی ایف نے دھرنے کے دوران آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کو بھی ایک طرح سے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ لیکن اس دھرنے کے بعد سے اب تک مولانا کی سرگرمیاں کافی محدود رہی ہیں۔ گو کہ انہوں نے ابھی کچھ دنوں پہلے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ تاہم اب ان کی باتوں میں اسٹیبلشمنٹ مخالف بیانیہ کہیں نظر نہیں آتا اور نہ ہی وہ راولپنڈی کی طرف سخت گیری کے قائل نظر آتے ہیں۔

Pakistan | Demonstration der Opposition gegen Imran Khan
تصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi

پشاور سے تعلق رکھنے والے سیاسی تجزیہ نگار اور پشاور یونیورسٹی کے ایریا اسٹڈی سینٹر کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر سرفراز خان کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے خوف نے جے یو آئی ایف کو خاموش کرا دیا ہے۔ ''دھرنے کے دوران ہی جے یو آئی ایف کے رہنما اکرم درانی اور دوسروں کو نیب نے تنگ کرنا شروع کر دیا تھا۔‘‘ 

ڈاکٹر سرفراز خان کے خیال میں اکرم درانی اور ان جیسے دیگر مالی مدد گاروں نے ہی مولانا کو قائل کیا ہے کہ وہ اپنا اسٹیبلشمنٹ مخالف بیانیہ بدلیں۔ ان کے بقول، ''اس بیانیے سے مشکلات کھڑی ہو جاتی ہیں، جس سے جمعیت کو مالی طور پر نقصان ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ اسٹیبلشمنٹ نے سختیوں کا بھی اشارہ دیا ہوگا، جس نے جمعیت کو مجبور کیا کہ وہ اپنی آواز کو دھیما کرے۔‘‘

یہ بھی پڑھیے:مولانا فضل الرحمن کا اسلام آباد دھرنا ختم، احتجاج صوبوں میں منتقل کرنے کا اعلان

دھرنا ختم کرتے وقت مولانا فضل الرحمٰن نے یہ تاثر دیا تھا کہ انہیں کچھ حلقوں کی طرف سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ عمران خان کی حکومت ختم ہو جائے گی۔ کچھ ناقدین کا خیال ہے کہ ایسا نہ ہونے پر جے یو آئی ایف کی صفوں میں مایوسی پھیل گئی۔ پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے رہنما سینیٹر عثمان کاکڑ کا کہنا ہے کہ مولانا کو پہلی مایوسی پی پی پی اور ن لیگ کے رویے پر ہوئی اور دوسری مایوسی انہیں چوہدری برادران کے رویے اور بات چیت سے ہوئی۔ عثمان کے کاکڑ نے کہا، ''دھرنے کے ختم ہونے سے ان کے کارکنان میں بھی مایوسی پھیلی، جس کی وجہ سے ان کی سیاسی سر گرمیوں میں کمی آگئی۔‘‘

Pakistan Peshawar | Oppositionsunterstützer auf dem weg nach Islamabad um gegen Imran Khan zu demonstrieren
تصویر: Getty Images/AFP/A. Majeed

جمعیت کے سابق نائب امیر اور موجودہ ترجمان حافظ حسین احمد کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت ڈری نہیں ہے اور نہ ہی ان کی سرگرمیاں کم ہوئی ہیں۔ ''تاہم ہمارا یہ کہنا ہے کہ ہم نے عمران خان کا چہرہ قوم کے سامنے رکھ دیا اور اس کو لانے والوں کو بھی چہرو عوام پر آشکار کر دیا۔‘‘  حافظ حسین احمد کے مطابق اب دیکھنا یہ ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتیں اس حکومت کے خلاف کیا کرتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگر پی پی پی ار ن لیگ کوئی تحریک چلاتے ہیں تو پھر ہم بھی سوچیں گے۔‘‘

مزید پڑھیے:پاکستان میں ایک دھرنا ملکی معیشت کو کتنے میں پڑتا ہے؟

حافظ حسین احمد نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ ان کی جماعت خوف یا مایوسی کا شکار ہے۔ ان کے بقول، ’’مولانا نے تو ابھی بھی حکومت کی برطرفی کا مطالبہ کر رکھا ہے۔ لیکن ہم ہی تو سب کچھ نہیں کریں گے دوسری سیاسی جماعتوں خصوصاﹰ مسلم لیگ اور پی پی پی کو بھی آگے آنا چاہیے اور حقیقی حزب اختلاف کا کردار ادا کرنا چاہیے۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں