1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
جرائم

جرمنی: کم عمر لڑکوں کی طرف سے گینگ ریپ کا دوسرا واقعہ

10 جولائی 2019

کم عمر لڑکوں کی جانب سے ایک لڑکی سے مبینہ اجتماعی جنسی زیادتی کے بعد اس سے ملتا جلتا ایک دوسرا واقعہ رونما ہوا ہے۔ ان واقعات کے ساتھ ہی کم عمر مجرموں سے تفتیش کرنے اور انہیں سزا دینے کے حق میں بحث کا آغاز ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3LrBV
Nein heißt Nein Sexualstrafrecht
تصویر: pictue-alliance/dpa/I.Kjer

الزامات کے مطابق پیش آنے والے تازہ واقعے میں ایک پندرہ سالہ لڑکی کو ایسے پانچ لڑکوں نے گھیر لیا، جن کی عمریں گیارہ سے سترہ برس کے درمیان تھیں۔ استغاثہ کے مطابق ان ٹین ایجرز نے نہ صرف متاثرہ لڑکی کو ہراساں کیا بلکہ اس کے ساتھ جنسی لحاظ سے چھیڑ چھاڑ بھی کرتے رہے۔ یہ دونوں واقعات جرمن شہر میولہائم میں پیش آئے ہیں۔

پراسیکیوٹر پانچ میں سے چار لڑکوں سے تفتیش کر رہے ہیں کیوں کہ پانچویں لڑکے کی عمر ابھی گیارہ برس ہے۔ جرمن قانون کے مطابق صرف چودہ برس سے زیادہ عمر والے افراد سے ہی تفتیش کی جا سکتی ہے۔

یہ حالیہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے، جب پہلے ہی جرمن عوام ایک ایسے گینگ ریپ کے حوالے سے غم و غصے میں ہیں، جس میں بارہ سالہ لڑکے بھی شامل تھے۔ اس کیس کے مرکزی ملزمان میں سے تین کی عمریں چودہ برس جبکہ باقی دو کی بارہ بارہ سال ہیں۔ ان میں سے صرف ایک چودہ سالہ لڑکے کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والا لڑکا عوام کے لیے خطرہ ثابت ہو سکتا ہے۔

جرمنی میں جی ڈی پی پولیس یونین کے سربراہ رائنر وینڈٹ  نے ان حالیہ واقعات کے تناظر میں قانون میں ایسی تبدیلی لانے کا مطالبہ کیا ہے، جس کے تحت بارہ سال تک کے کم عمر نوجوانوں سے بھی تفتیش ممکن ہو سکے۔

دوسری جانب جرمنی میں ججوں کی یونین نے اس کی مخالفت کر دی ہے۔ اس تنظیم کا کہنا ہے کہ چودہ برس سے کم عمر بچوں پر جرائم کی ذمہ داری عائد نہیں کی جا سکتی۔ اسی طرح بچوں کی حفاظت کے ذمہ دار ادارے نے بھی اس کی مخالفت کر دی ہے۔ اس ادارے کی ڈپٹی مینجمنٹ ڈائریکٹر مارٹینا ہوکسول کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی بہبود کے سرکاری ادارے کو ان کیسز کی چھان بین کرنی چاہیے اور یہ پتا لگایا جانا ضروری ہے کی ان کم عمر نوجوانوں میں ایسا رویہ کیوں پیدا ہوا؟ اس خاتون کا کہنا تھا کہ بچوں کو سزا دینے کی بجائے، ایسی سوچ پیدا کرنے والے اسباب کو ختم کیا جانا ضروری ہے۔

ا ا / ع ا (ڈی پی اے)