1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
جرائمجرمنی

جرمن شہر ہیمبرگ میں شوٹنگ، دو افراد ہلاک

26 مارچ 2023

شمالی جرمنی کے بندرگاہی شہر ہیمبرگ میں شوٹنگ کے ایک واقعے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ خونریز واقعہ ہفتہ پچیس مارچ کو رات گئے پیش آیا۔ ہیمبرگ میں رواں ماہ کے دوران یہ شوٹنگ کا دوسرا بڑا جان لیوا واقعہ ہے۔

https://p.dw.com/p/4PFxC
Deutschland | Zwei Tote nach Schüssen in Hamburg
تصویر: Jonas Walzberg/dpa/picture alliance

ابتدائی معلومات کے مطابق جرمن شہری ریاست ہیمبرگ میں ریاستی دفتر استغاثہ کے ذرائع نے بتایا کہ مرنے والے دو افراد میں ایک حملہ آور بھی شامل ہے۔ اس شخص نے بظاہر پہلے ایک دوسرے شخص پر کئی گولیاں فائر کیں اور اسے قتل کرنے کے بعد اپنے آتشیں ہتھیار کا رخ اپنی ہی طرف کیا اور گولی مار کر خود کشی کر لی۔

پولیس نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد موقع پر فوری کارروائی مکمل کر لی گئی ہے اور اس ہلاکت خیز واقعے کے اسباب کے تعین کے لیے چھان بین جاری ہے۔

جرمنی کے کثیر الاشاعت اخبار 'بِلڈ‘ کے مطابق پولیس کو ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات نصف شب کے قریب اطلاع ملی تھی کہ ہیمبرگ شہر کے علاقے لانگن ہورن میں شوٹنگ میں ایک سے زائد افراد ہلاک یا زخمی ہو گئے ہیں۔ اس پر پولیس کی دو درجن کے قریب گاڑیاں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

مسیحی عبادت گاہ پر حملہ 'وحشیانہ عمل‘ ہے، جرمن چانسلر

بتایا گیا ہے کہ موقع پر پہنچنے کے بعد پولیس کو شہر کے اس علاقے میں دو رہائشی عمارات کے درمیان ایک فٹ پاتھ پر دو افراد کی لاشیں ملیں۔ دونوں کی موت بظاہر فائرنگ کے نتیجے میں ہوئی تھی۔ اسٹیٹ پراسیکیوٹر کے دفتر کی طرف سے بھی اتوار کی صبح یہی بتایا گیا کہ فی الحال اس دوہری ہلاکت کے اسباب غیر واضح ہیں۔

جرمنی کے شاہدانِ یہوواہ کون ہیں؟

قبل ازیں مارچ کی نو تاریخ کو بھی اسی جرمن شہر میں مسیحیوں کے ایک مذہبی گروپ کے ایک اجتماع میں ایک شخص نے فائرنگ کر کے چار مردوں اور دو خواتین سمیت کم از کم سات افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

م م / ع س (روئٹرز، ڈی پی اے، اے ایف پی)