1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن شہر ایرفرٹ میں راہ گیروں پر چھری سے حملہ، دو افراد زخمی

28 جون 2021

جرمنی کے مشرقی شہر ایرفرٹ میں ایک نوجوان شخص نے چھری سے حملہ کر کے دو افراد کو زخمی کر دیا۔ مفرور ملزم کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم آج پیر اٹھائیس جون کی صبح یہ حملہ کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/3vghB
یہ حملہ ایرفرٹ شہر میں صبح سویرے ایک مقامی ٹرام اسٹیشن کے قریب کیا گیاتصویر: Michael Reichel/dpa/picture alliance

ایرفرٹ پولیس کے مطابق حملہ آور ایک ایسا نوجوان تھا، جس کی عمر بیس اور تیس برس کے درمیان تھی، جس کے بال ہلکے سنہری رنگ کے تھے اور چہرے پر کسی پرانے زخم کا ایک بڑا نشان بھی تھا۔

وورز برگ: زخمیوں کی حالت تشویشناک، ملزم سے پوچھ گچھ جاری

پولیس کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق یہ حملہ آور جرمن زبان بول رہا تھا اور اس نے چھری کے وار کر کے جن دو افراد کو زخمی کر دیا، ان کی عمریں 45 اور 68 برس ہیں۔ دونوں زخمی اس وقت ایک مقامی ہسپتال میں زیر علاج ہیں مگر ان کی جانیں خطرے میں نہیں ہیں۔

ہیلی کاپٹر کے ذریعے ملزم کی تلاش جاری

ایرفرٹ پولیس نے آج کے حملے کے بعد جاری کردہ بیان میں مزید کہا کہ جائے وقوعہ اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں ہیلی کاپٹر کی مدد سے مفرور ملزم کی تلاش جاری ہے۔ بیان میں دونوں زخمیوں کے حوالے سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ملزم بھورے رنگ کی جرسی اور گہرے رنگ کا جوگنگ ٹراؤزر پہنے ہوئے تھا۔

Deutschland Kriminalität l Gedenken- Nach der Messerattacke in Würzburg
گزشتہ جمعے کے روز جنوبی جرمن شہر وُرسبُرگ میں بھی چاقو سے کیے گئے ایک حملے میں تین افراد ہلاک اور سات زخمی ہو گئے تھےتصویر: Armando Babani/AFP

جرمنی میں پاکستانیوں کی مسجد کے نائب امام کا قتل

اس حملے کی ممکنہ وجوہات کے بارے میں پولیس تاحال یقین سے کچھ بھی کہنے سے قاصر ہے۔ زخمیوں سے اب تک ابتدائی پوچھ گچھ نہ ہونے کی وجہ سے یہ بھی واضح نہیں کہ آیا حملہ آور اور دونوں زخمیوں کا آپس میں کوئی تعلق تھا۔

چار روز میں اس نوعیت کا دوسرا حملہ

جرمنی کے مشرقی صوبے تھیورنگیا کے دارالحکومت ایرفرٹ میں آج یہ حملہ ایک ایسے وقت پر کیا گیا، جب جرمن تفتیش کار ابھی اس حملے کی چھان بین کر رہے ہیں، جس میں گزشتہ جمعے کے روز وُرسبُرگ شہر میں بھی ایک مسلح شخص نے چاقو سے حملہ کر کے تین افراد کو قتل کر دیا تھا۔

جرمن پولیس اہلکار جاپانی تلوار کے حملے میں زخمی

وُرسبُرگ حملے کے بارے میں تفتیشی ماہرین کا خیال ہے کہ یہ خونریز کارروائی ممکنہ طور پر مسلم انتہا پسندی کا نتیجہ بھی ہو سکتی ہے۔ اہم بات تاہم یہ ہے کہ آج ایرفرٹ میں کیا جانے والا حملہ جرمنی میں گزشتہ صرف چار روز میں اپنی نوعیت کا دوسرا حملہ تھا۔

وُرسبُرگ حملے کا ملزم صومالی شہری

جمعہ پچیس جون کو جنوبی جرمن صوبے باویریا کے شہر وُرسبُرگ میں جس 24 سالہ ملزم نے کئی افراد پر چاقو سے حملہ کر دیا تھا، وہ صومالیہ کا شہری ہے۔ اس حملے کے فوری بعد اسے گرفتار کر لیا گیا تھا اور اس وقت وہ پولیس کی تفتیشی حراست میں ہے۔

جرمن ٹرینوں پر حملے کے جرم میں عراقی کو عمر قید کی سزا

اس ملزم نے چاقو سے پے در پے وار کر کے جن تین افراد کو قتل کر دیا تھا، وہ تینوں خواتین تھیں۔ اس کے علاوہ اس نے سات دیگر افراد کو زخمی بھی کر دیا تھا، جن میں سے پانچ کی حالت نازک ہے۔

م م / ع ح (ڈی پی اے، اے ایف پی)