1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستجرمنی

وورز برگ: زخمیوں کی حالت تشویشناک، ملزم سے پوچھ گچھ جاری

26 جون 2021

جرمن شہر وورز برگ میں چاقو سے حملہ کر کے تین افراد کو ہلاک کرنے والے مشتبہ ملزم کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔ چاقو سے حملہ کرنے کا واقعہ پچیس جون بروز جمعہ ہوا تھا۔

https://p.dw.com/p/3vavs
Messerattacke in Würzburger Innenstadt
تصویر: Karl-Josef Hildenbrand/dpa/picture alliance

چوبیس سالہ مشتبہ شخص کے چاقو کے وار سے وورز برگ شہر کے مرکزی علاقے میں تین افراد ہلاک ہوئے۔ اس حملے میں کم از کم پانچ افراد شدید زخمی بھی ہیں۔ ان حملوں کے ملزم کا تعلق شورش زدہ افریقی ملک صومالیہ سے بتایا گیا ہے۔

موقع پر پہنچ کر پولیس نے مبینہ ملزم کو ٹانگ میں گولی مار کر زخمی کر کے حراست میں لیا۔ مشتبہ شخص کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔

جرمن شہر اوبرہاؤزن میں چاقو سے حملہ، متعدد افراد زخمی

مبینہ ملزم نفسیاتی مریض بھی ہے

جنوبی جرمن صوبے باویریا کی داخلی سلامتی  کے اعلیٰ ترین سکیورٹی اہلکار اور وزیر داخلہ جوآخم ہیرمان نے بتایا ہے کہ حملہ آور کے بارے میں پولیس کو پہلے ہی علم تھا اور اس کا نفسیاتی علاج بھی چند دن قبل اسپتال میں داخل کروا کر کیا گیا تھا۔ ہیرمان نے یہ نہیں بتایا کہ مبینہ ملزم کو پولیس پہلے سے کس حوالے سے جانتی تھی۔

Deutschland Messerattacke in Würzburger Innenstadt
وورزبرگ کے مرکزی علاقے میں رونما ہونے والی واردات کے مقام پر تعینات جرمن پولیس تصویر: Karl-Josef Hildenbrand/dpa/picture alliance

ہیرمان نے نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ اس حملے میں مسلم انتہا پسندی کو فی الحال نظر انداز نہیں کیا گیا اور اس تناظر میں یقینی طور پر تفتیشی عمل جاری ہے۔ اسپتال میں داخل حملہ آور سے پولیس اور سکیورٹی حکام پوچھ گچھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

یہ امر بھی اہم ہے کہ حملے کے ایک عینی شاہد نے بتایا کہ حملہ آور نے حملہ کرنے سے قبل  'اللہ اکبر‘ کا نعرہ بھی لگایا تھا۔

’ڈریسڈن کا واقعہ، مسلم انتہا پسندی کی نشاندہی‘

حملہ آور وورز برگ کا رہائشی

پولیس کے مطابق وورز برگ میں حملہ کرنے والا مشتبہ صومالی حملہ آور نے پچیس جون کو جرمن وقت کے مطابق شام پانچ بجے چاقو سے حملے شروع کیے تھے۔ یہ شخص سن 2015 سے وورز برگ میں رہائش رکھے ہوئے ہے۔ اس کو حال ہی میں بے گھر افراد کی پناہ گاہ یا شیلٹر میں منتقل کیا گیا تھا۔

برطانیہ: چاقو سے حملے میں تین افراد ہلاک، حملہ آور مارا گیا

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ حملہ آور کا مقتولین کے ساتھ کوئی نسبت یا کسی قسم کا تعلق نہیں تھا۔ سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی جانے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور کے گرد لوگ جمع ہیں اور وہ اسے کرسیوں اور ڈنڈوں کی مدد سے قابو کرنے کی کوشش میں ہیں۔

Deutschland Messerattacke in Würzburger Innenstadt
وورزبرگ میں چاقو زنی سے زخمی افراد اور ہلاک ہونے والوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا تھاتصویر: Carolin Gißibl/dpa/picture alliance

زخمیوں کی حالت تشویش ناک

باویریا کے وزیر داخلہ جوآخم ہیرمان کے مطابق اس حملے میں جو پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں، ان کی حالت خطرے سے باہر نہیں ہے اور زیادہ خون بہنے کے ساتھ ساتھ گہرے اندرونی گھاؤ کی وجہ سے ان کی مجموعی حالت تشویش ناک ہے۔ ہیرمان کا مزید کہنا ہے کہ ان زخمیوں کی زندگیوں کو سنگین خطرات لاحق ہیں اور جان بچانے کی کوششیں معالجین جاری رکھے ہوئے ہیں۔ زخمی مشتبہ ملزم کی زندگی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

ع ح / ب ج (اے پی، ڈی پی اے)