1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’تين چوتھائی بھارتیوں کی رائے ميں پاکستان ايک خطرہ ہے‘

26 مارچ 2019

بھارت ميں کرائے گئے ايک تازہ مطالعے ميں يہ سامنے آيا ہے کہ عوام کی اکثريت آئندہ نسل کے ليے ميسر اقتصادی مواقع اور ملک جس سمت بڑھ رہا ہے، اس سے خوش ہيں۔

https://p.dw.com/p/3Ffmv
Indien Mumbai Reaktionen nach Luftangriff auf JeM
تصویر: picture-alliance/NurPhoto/H. Bhatt

بھارت جس سمت بڑھ رہا اور جس راہ پر گامزن ہے، اس سے ملک کے اکثريتی شہری خوش ہيں۔ يہ انکشاف ’پيو ريسرچ‘ کی جانب سے پير پچيس مارچ کو جاری کردہ ايک رپورٹ ميں کيا گيا ہے۔ بھارتی عوام کی اکثريت آئندہ نسل کے ليے دستياب اقتصادی مواقع سے بھی خوش ہیں گو ان معاملات پر پہلے کے مقابلے ميں شہریوں کے اطمینان میں کمی واقع ہوئی ہے۔

بھارت ميں گزشتہ برس کے وسط میں کرائے جانے والے اس سروے ميں 2,521 افراد سے ان کی رائے جانی گئی۔ ملازمت کے مواقع کی کمی اب بھی بھارتی عوام کو درپيش سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ سروے ميں شامل پچھتر فيصد سے زائد افراد کا کہنا ہے کہ وزير اعظم نريندر مودی کے دور ميں اس صورتحال ميں کوئی تبديلی نہيں آئی، گو کہ ملازمت کے مواقع ميں اضافہ ان کا ايک مرکزی وعدہ تھا۔

سروے ميں شامل افراد کے تين چوتھائی حصے کا ماننا ہے کہ پاکستان، بھارت کے ليے ايک خطرہ ہے۔ انسٹھ فيصد کی رائے ميں دہشت گردی پچھلے چند برسوں ميں بڑھی ہے۔ تاہم اس مطالعے کے نتائج کی روشنی میں کہا جا سکتا ہے کہ بھارتی زير انتظام کشمير ميں فروری ميں ہونے والے حملے سے قبل بھی پاکستان اور دہشت گردی سے متعلق خدشات و خوف نماياں تھا۔

اس سروے ميں اپنی رائے دينے والوں کی چون فيصد تعداد کا کہنا تھا کہ وہ ملک ميں جہوريت جس طرح چل رہی ہے، وہ اس سے مطمئن ہيں۔

بھارت ميں گيارہ اپريل سے عام انتخابات کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے۔ موجودہ وزير اعظم نريندر مودی کو انتخابات جيتنے کے ليے ’فيورٹ‘ تو قرار ديا جا رہا ہے ليکن اپنے سياسی حريفوں پر ان کی سبقت کم ہوتی جا رہی ہے۔ رائے عامہ کے چند تازہ جائزوں کے مطابق يہ امکان بھی ہے کہ ہندو قوم پرست جماعت بھارتيہ جنتا پارٹی اقتدار سنبھالنے کے ليے واضح برتری حاصل نہ کر پائے۔

تاہم پلوامہ حملے کے تناظر ميں روايتی حريف ملک پاکستان کے ساتھ سامنے آنے والی کشيدگی کے سبب بنيادی مسائل سے توجہ ہٹ کر قومی سلامتی سے متعلق امور پر مرکوز ہو گئی ہے۔ اس صورتحال سے مودی اور ان کی قوم پرست جماعت کو غالباً فائدہ ہی پہنچا ہے۔ ناقدين کئی عرصے سے تنقيد کرتے آئے ہيں کہ بی جے پی ملک کی مسلم اقليت کے ارکان ميں خوف بھڑکا رہی ہے اور ہندو قوم پرست ايجنڈے پر عمل پيرا ہے۔ بی جے پی اس الزم کو رد کرتی ہے۔

بھارتی کی آبادی 1.3 بلين افراد پر مشتمل ہے، جن ميں سے چودہ فيصد مسلمان ہيں۔

بھارت کے ساتھ کشیدگی کی وجہ بھارتی جارحیت ہے، جوہر سلیم

ع س / ا ا، نيوز ايجنسياں