1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سفر و سیاحتایشیا

تمام پاکستانی پائلٹ کے پاس جائز لائسنس ہیں، ویتنام

18 جولائی 2020

ویتنامی حکومت کے مطابق ملکی ایئر لائن میں زیر ملازمت پاکستانی پائلٹوں کے لائسنس جعلی نہیں ہیں۔ ویتنامی سول ایوی ایشن نے تمام پاکستانی پائلٹس کو کلیئر قرار دے دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3fX3x
Türkei | Pakistan International Airlines Flugzeug auf dem Flughafen in Istanbul
تصویر: picture-alliance/AP Photo

خبر رساں اداے رائٹرز کی اطلاعات کے مطابق ہفتہ اٹھارہ جولائی کو ویتنامی دارالحکومت ہنوئی میں حکام نے تصدیق کی ہے کہ ویتنام کی مختلف ایئر لائنز میں کام کرنے والے تمام پاکستانی پائلٹوں کے پاس جائز اور صحیح لائسنس موجود ہیں۔ سرکاری بیان کے مطابق کوئی بھی پائلٹ پرواز کے واقعے یا حفاظتی خطرے میں ملوث نہیں رہا۔
گزشتہ ماہ ویتنام نے اپنی مقامی ایئرلائنز میں ملازمت کرنے والے تمام پاکستانی پائلٹ کو معطل کر دیا تھا۔ ویتنام کی سول ایوی ایشن کے مطابق یہ فیصلہ ان خدشات کے باعث کیا گیا تھا کہ بعض پاکستانی پائلٹوں کے لائسنس جعلی ہو سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:پاکستانی پائلٹ ملائیشیا میں بھی معطل

ویتنام کی حکومت کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں ہوا بازی کے ریگولیٹری ادارے کی جانب سے اجرا کیے گئے تمام لائسنس صحیح ہیں۔ بیان کے مطابق، ’’میڈیا رپورٹوں کے برعکس، کوئی بھی لائسنس جعلی نہیں ہے۔‘‘

Vietnam Airlines Flugzeug
تصویر: picture-alliance/dpa/Daniel Reinhardt

ویتنام کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAAV) کے مطابق ویتنام نے ستائیس پاکستانی پائلٹوں کو لائسنس جاری کیا تھا اور ان میں سے بارہ پائلٹ ابھی بھی سرگرم ہیں۔ دیگر پندرہ پائلٹوں کے کانٹریکٹ کی مدت مکمل ہو چکی ہے یا پھر وہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے غیر فعال تھے۔ واضح رہے سروس میں موجود بارہ میں سے گیارہ پائلٹ ویتنام کی بجٹ ایئرلائن ویٹ جیٹ ایوی ایشن کے لیے کام کر رہے تھے جبکہ ایک جیٹ اسٹار پیسیفک کے لیے جو قومی ایئرلائن ویتنام ایئرلائنز کا ہی ایک یونٹ ہے۔

مزید پڑھیے: ویتنام نے تمام پاکستانی پائلٹ گراؤنڈ کر دیے

کراچی میں پی آئی اے کے مسافر بردار طیارے کے حادثہ  کے بعد پاکستان کے شہری ہوابازی کے وزیر غلام سرور خان نے پارلیمان میں تقریباﹰ دو سو ساٹھ پائلٹس کے فلائنگ لائسنس جعلی ہونے کا انکشاف کیا تھا۔ اس بیان کے نتیجے میں دنیا بھر میں پاکستانی پائلٹس کی قابلیت اور اور پیشہ ورانہ ساکھ کو شدید نقصان پہنچا تھا۔

Pakistan International Airlines
تصویر: picture-alliance/AP

بعد ازاں سولہ جولائی کو پاکستان کے شہری ہوابازی کے ادارے نے بتایا کہ ادارے کی جانب سے جاری کیے گئے تمام کمرشل اور ایئرلائن ٹرانسپورٹ پائلٹ کے لائسنس درست اور جائز ہیں۔ اس تصدیق کے بعد بیشر ممالک نے پاکستانی پائلٹس کی سروسز کو ایک مرتبہ پھر بحال کر دیا۔

یہ بھی پڑھیے: طیارہ حادثہ، آخری لمحات میں کیا ہوا تھا؟

بائیس مئی کے روز کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب پیش آنے والے اس سانحے میں طیارے میں سوار مسافروں اور عملے کے ارکان سمیت کُل ستانوے افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
ع آ / ع ح (روئٹرز، اے پی، اے ایف پی)

بغیر پائلٹ کے اڑنے والا ہیلی کاپٹر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں