1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی عدالت نے جنسی زیادتی کے الزام میں پادری کو بری کر دیا

14 جنوری 2022

بھارت میں ایک عدالت نے اُس پادری کو بری کر دیا، جسے ایک راہبہ کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام کا سامنا تھا۔ اس پادری اور راہبہ کا تعلق رومن کیتھولک مسیحی عقیدے سے ہے۔

https://p.dw.com/p/45XOr
Indien - Weihnachten
تصویر: Altaf Qadri/AP/picture alliance

بھارت میں رومن کیتھولک عقیدے کے ایک سینیئر پادری پر ایک راہبہ کو دو سالوں کے دوران کئی مرتبہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ اس پادری کو ایک بھارتی عدالت نے اس الزام سے عدم شہادتوں اور ٹھوس ثبوتوں کے نہ ہونے پر جمعہ چودہ جنوری کو بری کر دیا ہے۔

بھارت میں مسیحیوں پر حملوں میں اضافہ کیوں؟

کیرالا کا فادر مُلاکل

جنوبی بھارتی ریاست کیرالا کے ایک پادری فرانکو مُلاکل پر الزام تھا کہ انہوں نے دو سالوں کے دوران ایک راہبہ کو کئی مرتبہ اپنی جنسی ہوس کا نشانہ بنایا۔ یہ امر اہم ہے کہ بھارت میں مُلاکل پہلے پادری تھے، جن پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا گیا تھا اور انہیں اِس الزام کے تحت عدالتی کارروائی اور پولیس کی فوجداری تفتیش کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔

Indien | Vergewaltigungsvorwurf gegen Bischof Franco Mulakkal
سن 2018 میں پادری مُلاکل گرفتاری کے وقت بھارتی شہر جالندھر کے انچارج بشپ تھےتصویر: Prakash Elamakkara/AP Photo/picture alliance

اِس الزام کے مطابق سن 2014 سے لے کر 2016 تک وہ رومن کیتھولک عقیدے سے وابستہ مشن کے سربراہ تھے اور اسی عرصے میں انہوں نے ایک راہبہ کا کئی مرتبہ جنسی استحصال کیا۔ عدالتی کارروائی کے دوران پادری مُلاکل نے اس الزام کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ عدالت نے ایک سطری فیصلے میں پادری مُلاکل کو ان الزامات سے بری کرنے کا حکم سنایا ہے۔

راہبہ کا موقف

الزام لگانے والی راہبہ کا کہنا ہے کہ اس استحصالی عمل کے دوران انہوں نے چرچ انتظامیہ کے کئی اہلکاروں کو اس بابت بتایا لیکن جب کوئی مناسب کارروائی شروع نہیں کی گئی تو پھر مقامی تھانے پہنچ کر پولیس کو اپنے ساتھ ہونے والی جنسی زیادتی سے مطلع کیا تھا۔

بھارتی انتخابات: مسیحیوں اور مسلمانوں کو مذہبی تشدد کا خوف

راہبہ کے مطابق چرچ انتظامیہ نے ان کی شکایت کو کُلی طور پر نظرانداز کر دیا تھا۔ سن 2018 میں راہبہ نے باضابطہ طور پر تھانے میں اپنی شکایت درج کرائی۔

Indien | Vergewaltigungsvorwurf gegen Bischof Franco Mulakkal
الزام لگانے والی راہبہ سینٹ فرانسس چرچ میں عبادت و دعا کے بعد رخصت ہوتے ہوئےتصویر: Manish Swarup/AP Photo/picture alliance

اس راہبہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولیس نے اپنی تفتیشی کارروائی اسی وقت شروع کی جب وہ اور ان کی پانچ ساتھی خواتین راہباؤں نے ریاستی ہائی کورٹ کے سامنے روزانہ احتجاج کرنے کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ ستمبر سن 2018 میں پادری مُلاکل کو پولیس نے گرفتار کیا اور بعد میں انہیں ضمانت پر رہائی دے دی گئی تھی۔ گرفتاری کے وقت وہ بھارتی شہر جالندھر کے انچارج بشپ تھے۔

اس متاثرہ راہبہ نے رومن کیتھولک کے مرکز ویٹیکن کو بھی تفصیلات سے مطلع کیا تھا۔

راہبہ کے ساتھ زیادتی کے مبینہ واقعے کو ہندو قوم پرست بھارتی میڈیا نے خوب اچھالا تھا۔ اس راہبہ کو چرچ کے اندرونی حلقے کی جانب سے بھی الزام عائد کرنے کے بعد سخت ردِعمل کا سامنا رہا۔

بھارت:’کنفیشن‘ کی مسیحی مذہبی روایت پر پابندی کی سفارش

کیرالا میں مسیحیت

بھارت کی اِس جنوبی ریاست کو ہندو مت کے اکثریتی ملک میں مسیحی مذہب کی شروعات کا مقام قرار دیا جاتا ہے۔ کہتے ہیں کہ سن 52 بعد از مسیح میں ایک مسیحی راہب اور بزرگ سینٹ تھومس کیرالا میں وارد ہوئے تھے۔ وہ اولین مسیحی شخصیت ہیں جن کے پرچار سے بھارتی سرزمین پر مسیحی مذہب کو فروغ ملا۔ اِس وقت ایک ارب سے زائد آبادی والے ملک بھارت میں مسیحی اقلیت کا تناسب 2.3 فیصد ہے۔

Indien Mumbai | Weihnachtsmesse
ایک ارب سے زائد آبادی والے ملک بھارت میں مسیحی اقلیت کا تناسب 2.3 فیصد ہےتصویر: Ashish Vaishnav/SOPA Images/ZUMA Wire/picture alliance

دنیا بھر کے کئی ممالک میں رومن کیتھولک چرچ کو جنسی استحصال کے الزامات کا سامنا ہے۔ اس مناسبت سے اس مسیحی عقیدے کے پادریوں پر جنسی زیادتی و استحصال کے الزامات کی گونج وقفے وقفے سے سنائی دیتی ہے۔ کئی واقعات میں عدالتی کارروائی بھی شروع ہے۔ کئی پادریوں نے ایسے الزامات کی شدت کو دیکھتے ہوئے اپنے مناصب سے استعفے بھی دے دیے ہیں۔

ع ح/ ع ا (اے ایف پی)