1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت:کووڈ۔19 متاثرین کی تعداد 50 ہزاراور اموات 17سو کے قریب

جاوید اختر، نئی دہلی
6 مئی 2020

بھارت میں مسلسل لاک ڈاون کے باوجود کوروناوائرس کی وبا کا قہر بڑھتا ہی جارہا ہے۔ متاثرین کی تعداد تقریباً 50ہزار پہنچ گئی ہے جب کہ 17سو کے قریب افرا د اب تک ہلاک ہوچکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3bpzl
Symbolbild Impfstoff für Coronavirus
تصویر: picture-alliance/Geisler-Fotopress/C. Hardt

بدھ 6 مئی کو وزارت صحت کی طرف سے جاری تازہ ترین اعدادو شمار کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرین کی مصدقہ تعداد 49436 ہوگئی ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں تقریباً تین ہزار نئے کیسز سامنے آئے اور 126 لوگوں کی موت ہوگئی۔ اس کے ساتھ ہی اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 1695ہوگئی ہے۔ کووڈ انیس کے 14183 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

بھارتی وزارت صحت کے مطابق قومی دارالحکومت دہلی میں پانچ ہزار اور گجرات میں چھ ہزار سے زائد کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ ریاست مہاراشٹر پندرہ ہزار سے زائد کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے۔

وزارت صحت کے ایک اعلی افسر نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ مہاراشٹر میں 15525 کیسز سامنے آئے اور 617 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔  وزیر اعظم مودی کی آبائی ریاست گجرات، جہاں مارچ کے اواخر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے استقبالی میں ’نمستے ٹرمپ‘ پروگرام منعقد کیا گیا، میں 6245 مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے اور 368 ہلاک ہوئے ہیں۔  دہلی میں اب تک 5104 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے اور 64 افرادکی موت ہوئی ہے۔  چوتھے نمبر پر جنوبی ریاست تمل ناڈو ہے جہاں اب تک 4058 کیسز سامنے آچکے ہیں اور 33 افراد کی موت ہوچکی ہے۔

جون میں وبا اپنے عروج پرہوگی

کووڈ انیس کے کیسز میں گوکہ مسلسل اضافہ ہورہا ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ وبا ابھی اپنے عروج پر نہیں پہنچی ہے۔  کولکاتا کے انڈین ایسوسی ایشن فار کلٹی ویشن آف سائنس (آئی اے سی ایس) کے ایک مطالعے کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کی وبا جون کے اواخر تک اپنے عروج پر ہوگی۔

اس اسٹڈی میں بتایا گیا ہے کہ لاک ڈاون کی وجہ سے کووڈ انیس کے عروج پر پہنچنے کا وقت کچھ دنوں کے لیے ٹل گیا ہے جس سے اس سے نمٹنے کے لیے بہتر انتظامات کرنے کا موقع مل گیا ہے۔  بایو کمپیوٹیشنل ماڈل پر مبنی اسٹڈی سے پتہ چلتا ہے کہ جون کے اواخر تک بھارت میں کورونا سے تقریباً ڈیڑھ لاکھ لوگوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

آئی اے سی ایس کے ڈائریکٹر شانتانو بھٹاچاریہ کے مطابق اگر بھارت میں لاک ڈاون نہیں ہوتا تو کورونا وائرس کی وبا مئی کے اواخر میں اپنے عروج پر ہوتی لیکن لاک ڈاون کی وجہ سے اس میں تقریباً پندرہ دنوں کا فرق آیا ہے۔

Mumbai Dharavi  Gesundheitsteam der Stadt Mumbai im Anti-Corona-Einsatz in den Slums
جون کے اواخر تک بھارت میں کورونا سے تقریباً ڈیڑھ لاکھ لوگوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔تصویر: BMC

بھارت سے 193پاکستانی وطن پہنچ گئے

لاک ڈاون کی وجہ سے بھارت میں پھنس جانے والے 193پاکستانیوں کواٹاری۔ واہگہ بارڈر کے راستے منگل کے روز پاکستان بھیج دیا گیا۔

یہ پاکستانی شہری علاج، اپنے رشتہ داروں سے ملاقات یا مذہبی مقامات کی زیارت کے غرض سے بھارت آئے تھے اور 25 مارچ سے لاک ڈاون شروع ہوجانے کے بعد چھتیس گڑھ، گجرات، ہریانہ، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، پنجاب، راجستھان، اتر پردیش اور مغربی بنگال سمیت مختلف ریاستوں میں پھنس گئے تھے۔

نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق ان 193 افراد کو بھارت کے پچیس مختلف شہروں سے دہلی لایا گیا اور اٹاری پہنچانے کے لیے سفری سہولیات فراہم کی گئیں۔  اٹاری میں ان کی طبی جانچ کے بعد واہگہ سرحد کے راستے انہیں پاکستان روانہ کیا گیا۔

بیان کے مطابق 20 مارچ سے اب تک بھارت سے 243 پاکستانیوں کو وطن واپس پہنچایا جا چکا ہے اور اس سلسلے میں معاونت پر بھارتی وزارت خارجہ کا بھی شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ پاکستانی ہائی کمیشن نے مزید کہا کہ بھارت میں پھنسے دیگر پاکستانیوں کی بھی جلد از جلد وطن واپسی کی کوشش جاری ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث بھارت میں پھنسے ہوئے 41 پاکستانیوں کو اس سے قبل 16 اپریل کوپاکستان بھیجا گیا تھا۔

Grenze zwischen Indien und Pakistan Grenzübergang Wagah
20 مارچ سے اب تک بھارت سے 243 پاکستانیوں کو وطن واپس پہنچایا جا چکا ہےتصویر: DW/A. Chatterjee

تمام ویزے ملتوی

بھارت نے غیر ملکی شہریوں کو جاری کیے گئے تمام ویزے ملتوی کردینے کا اعلان کیا ہے۔

 وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک حکم نامے کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے اور بین الاقوامی فضائی سفر دوبارہ بحال ہونے تک یہ حکم نافذ رہے گا۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سفارت کار، حکومتی افسران، اقوام متحدہ سے وابستہ تنظیموں، ملازمت اور پروجیکٹوں کے زمروں سے وابستہ افراد کو چھوڑ کر دیگر غیرملکیوں کو جار ی کیے گئے ویزے اس وقت تک ملتوی رہیں گے جب تک کہ حکومت بھارت آنے یا یہاں سے جانے کے لیے بین الاقوامی فضائی سفر پر عائد پابندی ختم نہیں کردیتی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں