1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ قابل بھروسہ افراد بھی بناتے ہیں‘

23 اگست 2020

ایک جرمن عدالت کو بتایا گیا ہے کہ ملزم باپ نے اپنی ہی بیٹی کو اکسٹھ مرتبہ جنسی حملوں کا نشانہ بنایا۔ یہ واقعات اس وقت شروع ہوئے، جب اس کی بیٹی کھلونوں سے کھیلنے کی عمر میں تھی۔

https://p.dw.com/p/3hMzy
Symbolbild Pädophilie
تصویر: picture-alliance/dpa/Lehtikuva

جرمنی کی تاریخ میں کم عمر بچوں کے ساتھ آن لائن جنسی تشدد کا سب سے بڑا کیس عدالت میں پیش ہو چکا ہے۔ اس کیس کے ایک مرکزی ملزم پر الزام ہے کہ اس نے اپنی نو عمر بیٹی کے ساتھ جنسی تشدد کیا اور اس کی ویڈیوز آن لائن چیٹ گروپوں میں شیئر بھی کیں۔

جرمنی میں عام لوگوں کے نجی کوائف سے متعلق قوانین کی وجہ سے اس شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم باپ نے اپنی ہی بیٹی کو اکسٹھ مرتبہ جنسی حملوں کا نشانہ بنایا۔ یہ واقعات اس وقت شروع ہوئے، جب اس کی بیٹی کھلونوں سے کھیلنے کی عمر میں تھی۔

اس کیس پر تبصرہ کرتے ہوئے بچوں کے حقوق کی سرگرم کارکن ڈورتھی چینسکی نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ بے شک یہ جرمنی میں بچوں پر جنسی تشدد کرنے والا سب سے بڑا بین الاقوامی آن لائن گروہ ہے لیکن ایسا نہیں کہ اپنی نوعیت کا یہ واحد گروہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس میں ملوث ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے اور اسی طرح کے دیگر مجرمانہ گروپوں کو بھی منظر عام پر لانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیے:اساتذہ کے ہاتھوں جنسی ہراسانی کے واقعات

جرمن پولیس کے مطابق شبہ ہے کہ اس نیٹ ورک سے وابستہ افراد کی تعداد تیس ہزار سے زائد ہو سکتی ہے۔ پولیس کو اس کیس کے حوالے سے کئی شواہد ملے ہیں، جس کی بنیاد پر کچھ افراد کے خلاف کارروائی جاری ہے اور مزید لوگوں کے نام یا تفصیلات منظر عام پر آنے کی امید ہے۔

Porträt - Dr. Dorothea Czarnecki
ڈورتھی چینسکی کے مطابق بچوں کو اکثر ایسے حلقوں کی طرف سے جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، جن پر والدین بالعموم بھروسہ کرتے ہیںتصویر: Photo-Werk Berlin

ڈورتھی چینسکی کے مطابق کم عمر بچوں کی طرف جنسی میلان ایک بیماری ہے، جس کا سدباب انتہائی ضروری ہے۔ ایسے ذہنی رجحانات رکھنے والے افراد بچوں کو شہوانی انداز میں چھوتے ہیں، سیکس پر گفتگو کرتے ہیں، فحش مواد دکھاتے ہیں، تشدد کرتے ہیں اور جنسی زیادتی بھی کرتے ہیں۔ یہ لوگ بچوں کی فحش تصاویر اور ویڈیو آن لائن بھی شیئر کرتے ہیں اور کچھ لوگ صرف بچوں کی ایسی تصاویر اور ویڈیوز دیکھ کر ہی لذت محسوس کرتے ہیں۔

ڈورتھی کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ صرف جرمنی کا نہیں بلکہ دنیا بھر میں ایسے ذہنی مریض پائے جاتے ہیں، جو بچوں کے ذریعے اپنی بیمار جنسی خواہشات کی تکمیل کے خواہش مند ہوتے ہیں۔ ڈی ڈبلیو سے گفتگو میں انہوں نے مزید کہا کہ عمومی طور پر بچوں کے خلاف ایسی کریہہ کارروائیاں کرنے والے افراد ان بچوں کے والدین کے بھروسے کے لوگ ہوتے ہیں، اس لیے والدین کو چوکنا رہنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیے:معصوم بچوں کو کیا پتا؟ سوچنا تو معاشرے کو ہے!

ڈورتھی چینسکی نے مزید کہا کہ جرمنی میں بچوں پر جنسی تشدد ابھی تک ایک شجر ممنوعہ ہے، جس پر کھل کر بات نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ کئی والدین اس طرح کے تشدد کو رپورٹ ہی نہیں کرتے، جس کی متعدد وجوہات ہو سکتی ہیں۔ والدین کو یہ ڈر بھی ہوتا ہے کہ کہیں وہ کسی پر غلط الزام ہی نہ دھر دیں۔

ڈورتھی چینسکی کے مطابق اگر والدین کو شک بھی گزرے تو انہیں اپنے بچوں کے ساتھ گفتگو کرنا چاہیے اور انہیں اعتماد میں لیتے ہوئے گائیڈ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جب انتہائی کم عمر بچوں کو اس طرح کے حملوں کا سامنا ہوتا ہے، تو اس صورت حال سے نمٹنا مشکل ہو جاتا ہے لیکن اس تناظر میں ریاستی اداروں کے ساتھ ساتھ بالخصوص والدین کا کردار بھی انتہائی اہم ہوتا ہے۔

جرمنی میں اس اسکینڈل کی زد میں آنے والے بچے اب ادھیڑ عمر میں پہنچ چکے ہیں۔ ایسے ہی ایک شخص نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ چالیس سال قبل اسے جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نقوش اب تک اس کے ذہن سے مٹ نہیں سکے۔ یہ شخص اب بھی اپنی اندوہناک یادوں کے ساتھ زندہ ہے۔ تاہم اس کی کوشش ہے کہ مزید کسی بچے کو ایسی دلدل میں گرنے نہ دے۔ اسی لیے اس نے بچوں کے تحفظ کے لیے ایک ادارہ بنایا ہے، جس کے ذریعے وہ والدین اور بچوں کو شعور و آگاہی دینے کا کام کرتا ہے۔

ٹیری مارٹن/ ع ب / م م / 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں