1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بن لادن کی موت پر امریکہ میں خوشی کا سماں

2 مئی 2011

اسامہ بن لادن کی امریکی کمانڈوز کے ہاتھوں ہلاکت کی اچانک خبر ملنے کے بعد پیر کو صبح سویرے سے ہی امریکی شہروں واشنگٹن اور نیو یارک میں یکدم خوشیاں منائی جانے لگیں اور عام شہری بہت بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے۔

https://p.dw.com/p/117Xd
تصویر: AP

اس سے چند گھنٹے قبل صدر باراک اوباما کی طرف سے ایک مختصر بیان میں ایبٹ آباد میں کیے گئے امریکی فوجی آپریشن میں بن لادن کی ہلاکت کی تصدیق کے فوراﹰ بعد دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ کی طرح امریکی میڈیا پر بھی اس موضوع کی مفصل رپورٹنگ شروع ہو گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے ہزاروں کی تعداد میں امریکی شہری ملکی دارالحکومت واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب اور نیو یارک میں گیارہ ستمبر کے حملوں کی گراؤنڈ زیرو کہلانے والی جگہ کے قریب جمع ہونا شروع ہو گئے تھے۔

Osama bin Laden Tod Reaktion Ground Zero
یہ امریکی شہری قومی پرچم اٹھائے ہوئے تھے اور ان میں مردوں اور خواتین کے ساتھ ساتھ نوجوان اور بچے بھی شامل تھےتصویر: AP

یہ امریکی شہری قومی پرچم اٹھائے ہوئے تھے اور ان میں مردوں اور خواتین کے ساتھ ساتھ نوجوان اور بچے بھی شامل تھے۔ یہ امریکی شہری ’امریکہ، امریکہ‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔ اس موقع پر وائٹ ہاؤس کے قریب ایک 19 سالہ امریکی طالب علم جان گارسیا نے کہا کہ وہ اس بارے میں اپنی خوشی کا اظہار کرنے کے لیے اپنے گھر سے نکلا ہے کہ بن لادن نے ہزاروں امریکی شہریوں کو قتل کیا تھا اور امریکی فوجیوں نے بالآخر اس کا پتہ چلا کر اسے ہلاک کر کے اس کے ساتھ انصاف کر دیا ہے۔

اس امریکی نوجوان کے مطابق آج پیر دو مئی کا دن بہت تاریخ ساز ہے اور وہ اپنے دیگر ہم وطنوں کے ساتھ مل کر اس تاریخ ساز دن کا حصہ بننا چاہتا تھا، ’یہی وجہ ہے کہ میں اپنے گھر سے باہر نکلا اور مجھے خوشی ہے کہ ہم نے امریکہ اور پوری دنیا کو درپیش ایک بڑے خطرے کا خاتمہ کر دیا ہے‘۔

بن لادن کی موت کی خبر ملنے کے بعد نیو یارک شہر میں اپنی خوشی کا اظہار کرنے کے لیے جمع ہونے والے امریکی شہریوں میں شامل ایک 22 سالہ امریکی خاتون مونیکا کنگ نے کہا کہ بن لادن کی موت ایک معجزہ ہے۔ اس امریکی شہری کے بقول، ’دس سال پہلے جو کچھ نیو یارک میں اور دیگر امریکی شہروں پر حملوں کی صورت میں ہوا، اس نے ہماری دنیا ہی بدل کر رکھ دی تھی۔ آج بن لادن کی موت پر ہمیں فخر ہے اور ہم خوشیاں منانا چاہتے ہیں‘۔

Osama bin Laden Tod Reaktion Washington Flash-Galerie
امریکی شہری دو مئی کو تاریخ ساز دن قرار دے رہے ہیںتصویر: AP

اسی طرح کے خیالات کا اظہار وائٹ ہاؤس کے نواح میں امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک شہری گیری تالافیوز نے بھی کیا، جس کا کہنا تھا کہ آج ’بن لادن کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے اور امریکی قوم بجا طور پر اس بات پر فخر کر سکتی ہے کہ امریکہ نے بن لادن کو اس کے انجام تک پہنچا دیا‘۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں