1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بل گیٹس اور عمران خان کی ٹیلی فونک گفتگو

شمشیر حیدر
5 دسمبر 2018

بل اور میلِنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

https://p.dw.com/p/39V2O
Tilet Expo Bill Gates Designer Toiletten
تصویر: Reuters/T. Peter

گیٹس فاؤنڈیشن پاکستان، افغانستان اور نائجیریا کی حکومتوں کے ساتھ مل کر ان ممالک سے پولیو کے خاتمے کے لیے تکنیکی اور مالی تعاون فراہم کر رہی ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس اور پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی ٹیلی فونک گفتگو کی۔ اس دوران انسداد پولیو کی مہم کے لیے اسلام آباد حکومت کے فوکل پرسن محمد بن عطا بھی عمران خان کے ساتھ موجود تھے۔

ریڈیو پاکستان اور مقامی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق بل گیٹس نے انسداد پولیو کے لیے عمران خان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے عمران خان کو ملکی وزیر اعظم منتخب ہونے پر بھی مبارک باد دی۔ بل گیٹس نے عمران خان کو یقین دلایا کہ ان کی فاؤنڈیشن مستقبل میں بھی مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔

عمران خان نے گیٹس فاؤنڈیشن کی سماجی شعبے میں خدمات پر بل گیٹس کا شکریہ ادا کیا۔

سن 1988 میں پولیو کے خاتمے کے لیے عالمی مہم کا آغاز کیا گیا تو اس وقت یہ مرض دنیا کے 125 ممالک میں موجود تھا تاہم اب پاکستان سمیت صرف تین ممالک میں انسداد پولیو کی مہم مکمل طور پر کامیاب نہیں ہو پائی۔ مائکروسافٹ کے بانی اور ان کی اہلیہ کے نام سے منصوب ’بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن‘ عالمی ادارہ صحت کے ساتھ مل کر پولیو ویکسین پر مزید تحقیق اور پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے کوشاں ہے۔

'بل گیٹس‘ ٹرینڈ کیوں کر رہا ہے؟

اس ٹیلی فونک رابطے کے بعد پاکستان میں مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر بل گیٹس کا نام ٹرینڈ کر رہا ہے۔

حال ہی میں وزیر اعظم عمران خان کے دیسی مرغیوں اور انڈوں سے متعلق ایک بیان کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ عمران خان نے اس تنقید کے بعد بل گیٹس کے ایک ایسے ہی منصوبے کے بارے میں ایک لنک شیئر کیا تھا۔

عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے بل گیٹس کے ٹیلی فون کے بارے میں متعدد ٹویٹس کیں۔

ایک صارف نے اس کے جواب میں طنز کرتے ہوئے لکھا، ’’بل گیٹس نے مرغی والا منصوبہ چوری کرنے کی شکایت کی۔‘‘

بل گیٹس یا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے اس رابطے کے حوالے سے اب تک کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔