1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برادری کی بنیاد پر ملازمتیں، بھارت میں پرتشدد مظاہرے شروع

25 جولائی 2018

بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر میں ایک مرتبہ پھر پُرتشدد مظاہروں کا آغاز ہو گیا ہے۔ مرہٹہ برادری کے مظاہرین کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ انہیں سرکاری ملازمتوں میں سے مخصوص کوٹہ فراہم کیا جائے۔

https://p.dw.com/p/323Rq
Indien | Demonstrationen in Mumbai
تصویر: IANS

مغربی بھارتی ریاست مہاراشٹر میں مرہٹہ ذات کے ہزاروں افراد حکومتی نوکریوں میں مخصوص کوٹہ حاصل کرنے کے حق میں پُرتشدد مظاہرے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مرہٹہ برادری کے مظاہروں کا سلسلہ گزشتہ پیر کے روز شروع ہوا تھا۔ اب تک مظاہروں میں ایک پولیس افسر سمیت دو مظاہرین ہلاک ہو چکے ہیں۔ پیر کے روز مرہٹہ برادری کے ایک کارکن نے احتجاج کرتے ہوئے ایک پُل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی تھی۔ اس کے بعد اسی برادری کے ایک دوسرے رکن نے زہر پیتے ہوئی اپنی جان لے لی تھی۔

Indien | Demonstrationen in Mumbai
تصویر: IANS

ریاست بھر میں تیزی سے پھیلتے ہوئے ان مظاہروں کو کنٹرول کرنے کے لیے ابتدائی طور پر تیس ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ آج بدھ کے روز ممبئی کے نواحی علاقے تھانے میں مرہٹہ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔ ان مظاہروں کی وجہ سے ممبئی میں کاروباری مراکز کے ساتھ ساتھ اسکولوں کو بھی بند رکھا گیا جبکہ ٹرانسپورٹ کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

Indien Demonstrationen der Maratha in Mumbai
تصویر: Getty Images/AFP/P. Paranjpe

تھانے نامی علاقے کے ایک پولیس ترجمان سکودھا نارکر کا نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’تھانے کے علاقے میں دو مقامات پر پتھر اور دیسی ساختہ پٹرول بم پھینکنے کے واقعات رونما ہوئے۔ وہاں اس طرح کے مزید واقعات کو روکنے کے لیے ہم نے اپنی ٹیمیں تعینات کر دی ہیں۔‘‘

Indien | Demonstrationen in Mumbai
تصویر: IANS

مرہٹہ برادری گزشتہ کئی برسوں سے سرکاری ملازمتوں میں مخصوص کوٹے کے لیے احتجاج جاری رکھے ہوئے ہے۔ گزشتہ برس بھی اس برادری کی جانب سے احتجاج کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں ممبئی مفلوج ہو کر رہ گیا تھا۔

Indien Demonstrationen der Maratha in Mumbai
تصویر: Getty Images/AFP/P. Paranjpe

مہاراشٹر طرز کا ہی احتجاجی سلسلہ بھارتی ریاست گجرات میں بھی جاری ہے، جہاں پتی دار برادری سرکاری ملازمتوں میں مخصوص کوٹے کی خواہاں ہے۔

مہاراشٹر ایک زرعی ریاست ہے اور بارشوں میں کمی کی وجہ سے وہاں کے کسانوں کو ریکارڈ نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ سن دو ہزار سترہ میں بھارت کے پچیس سو کسانوں نے خودکشی کی تھی، جن میں سے متعدد کا تعلق مہاراشٹر سے ہی تھا۔ 

Indien | Demonstrationen in Mumbai
تصویر: IANS

ا ا / ص ح (اے ایف پی، ڈی پی اے)