1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بارش اور سیلاب، جاپان میں 51 ہلاک

7 جولائی 2018

موسلادھار بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے جاپان کے کئی علاقوں میں تباہی پھیلا دی ہے۔ اچانک سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 51 تک پہنچ گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/310aD
Unwetter in Japan
تصویر: picture-alliance/AP Photo

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے جاپان کے سرکاری نشریاتی ادارے NHK کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہلاکتوں کے علاوہ 48 دیگر افراد لاپتہ ہیں۔ بارشوں اور سیلاب کے سبب کئی دیہات پوری طرح تباہی کا شکار ہوگئے ہیں۔ اس قدرتی آفت سے سب سے زیادہ متاثر ہ ہیرو شیما کے مغربی علاقے ہیں، جہاں اب تک 23 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 21 دیگر افراد لاپتہ ہیں۔ جنوب مغربی جزیرے اہیمے میں 18 افراد ہلاک ہوئے جبکہ سات لاپتہ ہیں۔

Unwetter in Japan
ٹوکیو میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نے مجموعی صورت حال تشویشناک بتاتے ہوئے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔تصویر: picture-alliance/dpa

جاپان کے مغربی حصے میں موسمی بارشوں کی شدت رواں برس ریکارڈ حد تک زیادہ رہی اور اس کی وجہ سے بڑے علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ انہی بارشوں کے سبب آنے والے اچانک سیلاب گھروں اور گاڑیوں کو ساتھ بہا لے گیا۔

مختلف دیہات اور قصبوں سے انیس لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ٹوکیو میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نے مجموعی صورت حال تشویشناک بتاتے ہوئے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ جاپان میں بارشوں کا یہ سلسلہ رواں ہفتے کے اوائل میں شروع ہوا تھا۔

Unwetter in Japan
جاپان کے مغربی حصے میں موسمی بارشوں کی شدت رواں برس ریکارڈ حد تک زیادہ رہی اور اس کی وجہ سے بڑے علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔تصویر: picture-alliance/AP Photo

جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے نے ایک ایمرجنسی میٹنگ میں مختلف وزیروں کو ہدایت جاری کی کہ لوگوں کی زندگیوں کو بچانے کے لیے فی الفور اقدامات کیے جائیں اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچائی جائیں۔

ملکی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ان بارشوں کے سبب مزید لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے جبکہ ملک بھر کے دریاؤں میں سیلابی صورت حال میں اضافہ ممکن ہے۔ کیوٹو اور گیفو کے علاقوں میں مزید شدید بارشوں کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

ا ب ا / ع ح (ڈی پی اے)