1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بارسلونا میں آتشزدگی، تین پاکستانی ہلاک

14 اگست 2020

ہسپانوی شہر بارسلونا میں ایک عمارت کے تہہ خانے میں آگ بھڑکنے سے تین پاکستانی شہری ہلاک جبکہ پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ بیسمنٹ میں قائم دکان کو یہ پاکستانی غیر قانونی رہائش کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔

https://p.dw.com/p/3gz3M
Spanien Barcelona | drei Pakistaner bei Brand getötet
تصویر: Getty Images/AFP/E. Garcia

اسپین کے شمال مشرقی شہر بارسلونا سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جمعے کی صبح لگ بھگ چھ بجے کے قریب بارسیلونیتا نامی علاقے میں ایک رہائشی عمارت کی بیسمنٹ میں آگ بھڑک اٹھی۔ 

فائربرگیڈ کی جانب سے فوری طور آگ بجھانے کی کوشش کی گئی لیکن آتشزدگی کے نتیجےمیں کم از کم تین افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے تینوں افراد پاکستانی شہری تھے۔

Spanien Barcelona | drei Pakistaner bei Brand getötet
تصویر: AFP/E. Garcia

پولیس ترجمان نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اس واقعے میں تین افراد کی ہلاکت ہوئی اور تینوں نوجوان کا تعلق پاکستان سے تھا۔ پولیس کی جانب سے آگ لگنے کی وجہ جاننے کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔

مزید پڑھیے:جنوبی یورپ میں مہاجرین کی بڑھتی ہوئی تعداد اور المناک حالات

بارسلونا میں ڈی ڈبلیو اردو کے نمائندہ حافظ احمد نے بتایا کہ جس رہائشی عمارت کے تہہ خانے میں آگ لگی وہ دراصل تقریباﹰ 35 مربع میٹر کی ایک دکان تھی، جس کو سات پاکستانی اپنی رہائش کے لیے استعمال کر رہے تھے۔ پولیس چیف نے اس دکان کو ایک ’غار‘  سے تشبیہ دی ہے۔

اسپین میں پھنسا 76 سالہ پاکستانی، رہائشی اجازت نامے کا منتظر

اطلاعات کے مطابق صبح سویرے آگ بھڑکنے سے تین لوگوں کی اسی وقت موت ہوگئی، دو زخمی ابھی بھی مقامی ہسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جب کہ ایک کو واپس بھیج دیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں سے دو کی عمریں 20 سے 25 سال کے درمیان ہیں اور ایک کی عمر تقریباﹰ 40 سال بتائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: کورونا کے متاثرين: پاکستان، اٹلی اور اسپین سے آگے نکل گيا

حافظ احمد کے مطابق اس عمارت کی دکان میں رہنے والے پاکستانی افراد سائیکل رکشہ چلاتے تھے اور انہوں نے بیٹریز چارج کرنے کے لیے لگائی تھیں، عین ممکن ہے کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ بھڑک گئی ہو۔

بارسلونا کاتالونیا علاقے کا اقتصادی مرکز ہے اور وہاں تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد روزگار کے سلسلے میں رہتی ہے۔

ع آ / ش ح (اے ایف پی، کاتالان نیوز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں