1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انگیلا میرکل کا آخری یورپی سربراہی اجلاس؟

28 جون 2018

آج برسلز میں یورپی سربراہی اجلاس کے دوران جرمن چانسلر میرکل کے مستقبل کا فیصلہ ہو گا۔ چانسلر میرکل کی حکومت صرف اسی وقت مستحکم رہ سکے گی اگر وہ مہاجرین کے مسئلے پر ایک مشترکہ یورپی موقف کے حصول میں کامیاب ہو جائیں۔

https://p.dw.com/p/30SPs
تصویر: Getty Images/S. Gallup

جرمن چانسلر انگیلا میرکل اپنے ساڑھے بارہ سالہ دور اقتدار میں اب تک کم از کم ساٹھ یورپی سربراہی اجلاسوں میں شرکت کر چکی ہیں۔ وہ سب سے طویل عرصے تک یورپی یونین میں خدمات انجام دینے والی سربراہ حکومت بھی ہیں۔ تاہم آج جمعرات کو برسلز میں ہونے والا سربراہی اجلاس ممکنہ طور پر ان کی سیاسی زندگی کی اہم ترین سمٹ ہو گی کیونکہ اس اجلاس کی کامیابی میرکل کی حکومت کے لیے بہت ضروری ہے۔ صرف مثبت نتیجہ ہی میرکل کی اتحادی جماعت کرسچن سوشل یونین ’سی ایس یو‘ کو مخلوط حکومت میں شامل رہنے پر رضامند رکھ سکتا ہے۔

 

میرکل کی مشکلات

میرکل شدید دباؤ میں ہیں۔ اس اجلاس کے دو دن بعد ’سی ایس یو‘ سے تعلق رکھنے والے جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر یہ فیصلہ کریں گے کہ انہیں یہ نتیجہ پسند آیا یا نہیں۔ ورنہ وہ میرکل کے پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پہلے سے کسی دوسرے یورپی ملک میں اندراج شدہ مہاجرین و پناہ گزینوں کو جرمن سرحد سے واپس بھیجنے کا سسلسہ شروع کر دیں گے۔

اگر زیہوفر نے ایسا کیا تو میرکل کو انہیں کابینہ سے نکالنا پڑے گا اور اس طرح حکومتی اتحاد ختم ہو جائے گا۔ جرمنی میں ستمبر 2017ء میں ہونے والے انتخابات کے بعد میرکل کی جماعت سی ڈی یو، سی ایس یو اور سوشل ڈیموکریٹس کے مابین فروری 2018ء میں مخلوط حکومت کے قیام کا معاہدہ طے پایا تھا۔

Deutschland Koalitionsvertrag in Berlin | Merkel & Schulz & Seehofer
تصویر: Getty Images/C. Koall

 

میرکل تنہا کھڑی ہیں

 اٹلی میں دائیں بازو کی عوامیت پسند حکومت کا ایک حصہ سیاسی پناہ کے حوالے سے ڈبلن معاہدے سے چھٹکارا پانا چاہتا ہے۔ ڈبلن ضوابط کے تحت کسی بھی پناہ گزین کو یورپی یونین کے اسی ملک میں سیاسی پناہ کی درخواست جمع کرانی ہو گی، جس رکن ملک پر اس نے پہلی مرتبہ قدم رکھا تھا۔ جب کہ اسی طرح ایک دوسرا گروپ ہے، جس کی سربراہی ہنگری کے وزیر اعظم وکٹور اوربان کر رہے ہیں۔ یہ گروپ کسی قیمت پر بھی مہاجرین کو قبول کرنے پر تیار نہیں۔

اسی طرح آسٹریا کی حکومت بھی مہاجرین کے حوالے سے سخت موقف اپنانے کی خواہاں ہے۔ سیاسی پناہ اور پناہ گزینوں کے حوالے سے میرکل کی پالیسیوں پر صرف شاید فرانس اور اسپین ہی جرمن چانسلر کے ساتھ ہیں۔

 

یورپی یونین میں تنازعہ

بیلجیم کے اخبار لے سوئے کے مطابق مہاجرین سے متعلق پالیسیوں کے حوالے سے یورپی سطح پر اختلافات  بہت واضح ہو چکے ہیں۔ اس سربراہی اجلاس سے ایک دن قبل اخبار نے لکھا، ’’یورپ اپنے داخلی انتشار کے بارے میں سوچ رہا ہے۔ پہلی مرتبہ یورپی یونین کی بنیاد خطرے میں ہے، باہر سے نہیں بلکہ اسے اندر سے۔‘‘ اخبار نے مزید لکھا کہ آج شروع ہونے والی یورپی سربراہ کانفرنس صرف جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی قسمت کا فیصلہ نہیں کرے گی بلکہ یہ پوری یورپی یونین کے لیے بھی بہت اہم ہے۔