1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انگلینڈ نے بھی اپنی کرکٹ ٹیموں کا دورہ پاکستان منسوخ کر دیا

21 ستمبر 2021

انگلینڈ کی مردوں اور خواتین کی کرکٹ ٹیموں کا دورہ اگلے ماہ ہونا تھا جسے انگلش کرکٹ بورڈ نے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستانی کرکٹ بورڈ نے اس فیصلے پر سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/40aic
ICC Cricket World Cup 2019 Wahab Riaz
تصویر: Getty Images/AFP/S. Khan

انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے 20 ستمبر پیر کی شام کو اپنے کھلاڑیوں کی، ''ذہنی اور جسمانی صحت'' کے تعلق سے پائی جانے والی تشویش کا حوالہ دیتے ہوئے آئندہ ماہ مردوں اور خواتین کی ٹیم کے مشترکہ دورہ پاکستان کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔ انگلش ٹیم نے ورلڈ ٹی 20 مقابلوں سے قبل اکتوبر میں پاکستان کے ساتھ دو ٹی 20 میچ کھیلنے کا وعدہ کیا تھا۔

پاکستانی کرکٹ بورڈ کے ساتھ پہلے سے طے شدہ پروگرام کے تحت اکتوبر میں ہی انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم کو پاکستان آ کر میچ کھیلنا تھا اور اگر ایسا ہوتا تو انگلینڈ کی خواتین کی کرکٹ ٹیم کا یہ پہلا تاریخی دورہ ہوتا۔ انگلینڈ کی مردوں کی ٹیم بھی آخری بار سن 2005 میں پاکستان آئی تھی۔

انگلش کرکٹ بورڈ کا کیا کہنا ہے؟ 

انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ بورڈ نے اواخر ہفتہ ایک میٹنگ تھی جس میں پاکستان میں ہونے والے مردوں اور خواتین کے ٹیم کے اضافی میچوں کے بارے میں غور و فکر کیا گیا اور، ''ہم اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ بورڈ نے نہ چاہتے ہوئے بھی اکتوبر کے دورے سے دونوں ٹیموں کو واپس نکال لیا ہے۔''

اس بیان میں مزید کہا گیا، ''ہمارے کھلاڑیوں اور معاون عملے کی ذہنی اور جسمانی بہتری ہماری اولین ترجیح ہے اور جن حالات میں ہم اس وقت رہ رہے ہیں اس میں اس کی اہمیت اور بڑھ جاتی ہے۔ ہمیں معلوم ہے کہ خطے میں سفر کرنے سے متعلق بھی خدشات پائے جاتے ہیں اور دورے کو جاری رکھنے سے کھلاڑیوں پر مزید دباؤ بڑھے گا جو پہلے ہی کووڈ جیسے محدود ماحول میں طویل عرصے تک کام کرتے رہے ہیں۔''

ICC Cricket World Cup 2019 Neuseeland - Pakistan
تصویر: Getty Images/A. Davidson

پاکستانی کرکٹ بورڈ سے معذرت

انگلش کرکٹ بورڈ نے اس فیصلے کے لیے پاکستان سے معذرت بھی کی ہے۔ بورڈ کے بیان کے مطابق، ''ہمارے خیال سے یہ فیصلہ پاکستانی کرکٹ بورڈ کے لیے کافی مایوس کن ہو گا، جو اپنے ملک میں عالمی کرکٹ کی واپسی کے لیے کافی کوشش اور محنت کرتا رہا ہے۔ اس فیصلے سے پاکستانی کرکٹ بورڈ پر پڑنے والے اثرات کے لیے ہم خلوص دل سے معذرت خواہ ہیں اور آئندہ برس (2022) کے اہم دوروں کے منصوبوں پر زور دیتے ہیں۔''

قابل ذکر بات یہ ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران جب تقریبا ًتمام کھیل پوری طرح سے بند پڑے تھے اس وقت کرکٹ کھیل دوبارہ شروع کرنے کے مقصد سے پاکستان نے 2020 اور 2021 میں وبا کے دور میں انگلینڈ کا دورہ کیا تھا اور اس کے لیے بائیو ببل جیسے سکیورٹی انتظامات کی شرائط کو بھی تسلیم کر لیا تھا۔

پاکستان کا رد عمل

پاکستانی کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین رمیز راجہ نے انگلینڈ کے اس فیصلے پر سخت مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شائقین کی طرح ہی وہ بھی اس فیصلے سے بہت مایوس ہوئے ہیں۔ ایک برطانوی نشریاتی ادارے سے بات چیت میں انہوں نے کہا، ''جس وقت ہمیں مغربی بلاک کی سخت ضرورت تھی اس وقت اس نے ہمارا ساتھ چھوڑ دیا۔ ''

اس سے قبل انہوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا، ''انگلینڈ سے ہمیں سخت مایوس ہوئی ہے، اپنے وعدے سے دستبردار ہو جانا اور کرکٹ برادری کے اپنے کسی رکن ساتھی کو اس وقت چھوڑ دینا جب اسے اس کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔ انشاء اللہ ہم اس وقت کو بھی برداشت کر لیں گے۔ پاکستانی ٹیم کے لیے یہ دنیا کی بہترین ٹیم بننے کی ایک ویک اپ کال ہے تاکہ دنیا کی ٹیمیں اس کے ساتھ کھیلنے کے لیے بغیر کسی عذر کے قطار میں کھڑی ہوں۔''

گزشتہ ہفتے ہی پاکستان میں موجود نیوزی لینڈ کی ٹیم نے محدود اوورز کے اپنے دورے کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان میں موجود نیوزی لینڈ کی قومی کرکٹ ٹیم کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ سکیورٹی خطرات کی وجہ سے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ نیوزی لینڈ کے آفیشلز نے مطلع کیا ہے کہ وہ 'یکطرفہ طور پر یہ دورہ ملتوی‘ کر رہے ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے ایک بیان میں کہا تھا، ''میں سمجھتا ہوں کہ یہ پیش رفت پی سی بی کے لیے ایک دھچکا ہو گی، جو ایک شاندار میزبان ہے۔ تاہم کھلاڑیوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔''

پاکستان کرکٹ بورڈ کی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ پاکستانی وزیر اعظم نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے انہیں مطلع کیا تھا کہ مہمان ٹیم کو پاکستان میں کسی سکیورٹی خطرے کی کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔ تاہم اس کے باوجود نیوزی لینڈ کی ٹیم نے کھیلنے سے منع کر دیا تھا۔

ص ز/ ج ا (خبر رساں ادارے)

طالبان کے قبضے کے بعد افغان کرکٹ ٹیم کی اولین پریکٹس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں