1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انڈین ویلز ماسٹرز: نادال سیمی فائنل ہار گئے

21 مارچ 2010

ٹینس کے عالمی نمبر تین ہسپانوی کھلاڑی رافائل نادال نے امریکی ریاست کیلی فورنیا میں جاری انڈین ویلز ماسٹرز ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں کروشیا کے ایوان لیوبیچچ کے ہاتھوں اپنی غیر متوقع شکست کو ایک حادثہ قراردیا ہے۔

https://p.dw.com/p/MYa5
تصویر: AP

تاہم نادال نے اس میچ کے بعد ہفتے کی رات کہا کہ انڈین ویلز ماسٹرز گزشتہ چھ ہفتوں کے دوران وہ پہلا ٹورنامنٹ ہے، جس میں انہوں نے شرکت کی اور اس ٹورنامنٹ میں اپنی مجموعی کارکردگی سے ان کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔

اس ہسپانوی کھلاڑی نے یہ بھی کہا کہ انڈین ویلز ماسٹرز کے سیمی فائنل میں وہ لیوبیچچ کے خلاف اتنا اچھا کھیل رہے تھے کہ انہیں یہ محسوس ہو رہا تھا کہ وہ اس ٹورنامنٹ کا فائنل بھی جیتیں گے ۔ نادال نے کہا: ’’میری شکست ایک حادثہ ہے، لیکن محض ایک ہفتے بعد فلوریڈا میں موجودہ سیزن کا اگلا ماسٹرز ٹورنامنٹ بھی شروع ہو رہا ہے۔ میری نظریں اب اسی پر لگی ہیں۔‘‘

Nadal und Federer beim ATP-Masters in Hamburg 2008
نادال عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر کے ساتھتصویر: picture-alliance /dpa

انڈین ویلز ٹورنامنٹ میں نادال کی شرکت آسٹریلین اوپن کے ایک کوارٹر فائنل میں اینڈی مرے کے ساتھ مقابلے دوران گھٹنے پر لگنے والی چوٹ کے بعد سے کسی ATP ٹورنامنٹ میں پہلی شمولیت تھی۔ اس چوٹ کی وجہ سے انہیں آسٹریلین اوپن سے دستبردار ہونا پڑ گیا تھا۔

انڈین ماسٹرز مقابلوں میں رافائل نادال کی خواہش تھی کہ وہ امسالہ فائنل جیت کر گزشتہ چار برسوں میں مجوعی طور پر یہ ٹائٹل تیسری مرتبہ بھی جیت لیں۔ لیکن اس 23 سالہ ہسپانوی کھلاڑی کے ارادوں کو کروشیا کے ایوان لیوبیچچ نے ناکام بنا دیا، جن کے کھیل کی خاص بات ان کی شاندار سروس ہے۔

نادال آج تک لیوبیچچ کے خلاف کل سات میچ کھیل چکے ہیں جن میں سے ہفتے کی شام ہونے والے میچ میں لیوبیچچ کی کامیابی نادال کی صرف دوسری ناکامی تھی۔ بائیں بازو سے کھیلنے والے نادال موجودہ سیزن میں اب تک کل 15 میچ کھیل چکے ہیں، جن میں سے 12 میں انہیں فتح حاصل ہوئی جبکہ تین مقابلوں میں ان کے حریف کھلاڑی ان سے بہتر ثابت ہوئے۔

رپورٹ : مقبول ملک

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں