1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اف‍غانستان کی صورتحال: عالمی و علاقائی قوتوں میں مشاورت شروع

8 ستمبر 2021

طالبان کی عبوری حکومت کی تشکیل کے بعد ایک طرف پاکستان نے افغانستان کے ہمسایوں کی ایک میٹنگ کی میزبانی کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ بھی اپنے اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ شروع کرنے والے ہیں۔

https://p.dw.com/p/403bd
فائل فوٹوتصویر: picture-alliance/AP/Pakistan Ministry of Foreign Affairs

پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی میٹنگ میں افغانستان کے کم از کم چھ ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے۔ یہ امر اہم ہے کہ ابھی تک پاکستان نے طالبان کی عبوری حکومت کی تشکیل پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

طالبان کی عبوری حکومت کا اعلان: امریکا کی تشویش میں اضافہ

ورچوئل میٹنگ

پاکستانی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق بدھ آٹھ ستمبر کی ورچوئل میٹنگ میں میزبان ملک کے علاوہ چین، ایران، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔ اس میٹنگ کی صدارت پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کریں گے۔

Interview mit pakistanischem FM Shah Mehmood Qureshi
پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشیتصویر: DW

اس میٹنگ کا مقصد بیان کرتے ہوئے دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ اس مشترکہ کوشش میں ایک پرامن اور مستحکم افغانستان کے حوالے سے گفتگو کی جائے گی۔ اس کے علاوہ مضبوط اقتصادی رابطے استوار کرنے پر بھی توجہ دی جائے گی۔

بلنکن کا مشاورتی دورہ

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن آج بدھ آٹھ ستمبر کو جرمنی پہنچ کر طالبان کی سخت گیر مذہبی عقائد پر مبنی نئی مگر عبوری حکومت کی تشکیل پر بات چیت کریں گے۔ وہ اس وقت خلیجی ریاست قطر میں موجود ہیں۔ جرمنی پہنچ کر انٹونی بلنکن اپنے جرمن ہم منصب ہائیکو ماس کے ساتھ ملاقات کریں گے۔

Pakistan Außenministerium in Islamabad
پاکستانی وزارتِ خارجہ افغانستان کے ہمسایہ ممالک کی کانفرنس کی ورچوئل میزبانی کرے گاتصویر: picture-alliance/Anadolu Agency/I. Sajid

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ واشنگٹن اپنے اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد نئی طالبان حکومت پر سفارتی اور اقتصادی دباؤ بڑھائے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ نئی صورت حال میں امریکا کے پاس افغانستان کے حوالے سے مشاورت کے لیے وسیع میدان موجود ہے۔ ہائیکو ماس اور انٹونی بلنکن اپنی ملاقات کے بعد جی ٹوئنٹی کے وزرائے خارجہ کی ورچوئل میٹنگ میں شریک ہوں گے۔ اس میٹنگ کا موضوع بھی افغانستان ہے۔

طالبان نے نئی افغان حکومت کے قیام کا اعلان کر دیا، سربراہ حسن اخوند

افغان صورت حال پر جی ٹوئنٹی سمٹ کا امکان

اطالوی وزیر اعظم ماریو دراگی کی چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ منگل سات ستمبر کو ہونے والی بات چیت میں، جی 20 کی غیرمعمولی کانفرنس پر اتفاق ہوا تھا۔ اس سمٹ کی حتمی تاریخ کا تعین جلدی ہی متوقع ہے۔ اس مناسبت سے مزید پیش رفت جی ٹوئنٹی کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ میں ممکن ہے۔

Katar | Außenministertreffen USA-Katar in Doha
امریکی وزیر خارجہ بلنکن خلیجی ریاست قطر کے دورے کے بعد جرمنی روانہ ہوں گےتصویر: Olivier Douliery/Pool/REUTERS

دراگی اور شی جن پنگ نے اپنی گفتگو میں افغان صورت حال پر فوکس کیا۔ مجوزہ سمٹ میں افغانستان کے حالات کے تناظر میں عالمی رہنما گفتگو کرنا چاہتے ہیں۔ ان دنوں جی ٹوئنٹی کی صدارت کا حامل ملک اٹلی ہے۔

مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے افغان طالبان کی ہوائی فائرنگ

تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ ایک مستحکم کابل حکومت کے ساتھ چین کے اقتصادی روابط فروغ پا سکتے ہیں۔ دوسری جانب طالبان یہ کہہ چکے ہیں کہ چین نے افغانستان کی انسانی ہمدردی کے تحت امداد بڑھانے کا وعدہ دیا ہے۔

ع ح/ص ز (اے ایف پی، اے پی)