1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغان بچے کو لیونل میسی کی شرٹیں مل گئیں

امتیاز احمد25 فروری 2016

لیونل میسی نے اپنے پانچ سالہ افغان مداح بچے کو ایک نہیں بلکہ دو شرٹیں بھیج دی ہیں۔ یہ بچہ انٹرنیٹ دنیا میں اس وقت مشہور ہو گیا تھا، جب اس نے شرٹ کے طور پر وہ پلاسٹک بیگ پہن رکھا تھا، جس پر میسی لکھا تھا۔

https://p.dw.com/p/1I2Tj
Afghanistan Messi-Fan Murtaza in echtem Trikot
تصویر: picture-alliance/dpa/Unicef/Mahdy Mehraeen

ارجنٹائن کے فٹ بال اسٹار لیونل میسی نے اپنے مداح بچے مرتضیٰ احمدی کو ایک نہیں بلکہ دو شرٹیں تحفے کے طور پر دی ہیں اور ان پر میسی کے دستخظ بھی موجود ہیں۔ میسی کی طرف سے یہ تحفہ یونیسیف کے ذریعے افغانستان بھیجا گیا تھا جبکہ مرتضیٰ احمد اور ان کا خاندان صوبہ غزنی سے خصوصی طور پر اسے وصول کرنے کے لیے کابل گئے۔

افغانستان میں یونیسیف کے ترجمان ڈینس جانسن کا نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’اس موقع پر مرتضیٰ کی مسکراہٹ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی تھی۔ وہ بار بار کہہ رہا تھا۔ میں میسی سے محبت کرتا ہوں۔‘‘

میسی کی طرف سے ان دونوں شرٹوں پر ہسپانوی زبان میں ’’محبت کے ساتھ‘‘ لکھا ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مرتضیٰ کے ’خزانے‘ میں ایک فٹبال کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔

Mortaza Ahmadi Lionel Messi Fan Afghanistan
ایک ماہ پہلے پلاسٹک بیگ سے بنی شرٹ پہنے مرتضیٰ احمدی کی چند تصاویر نے دنیا بھر کے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی تھیتصویر: Mahdi Ahmadi

افغانستان کا پانچ سالہ مرتضیٰ احمدی لیونل میسی کا پرستار تو ہے لیکن ہزارہ کمیونٹی کے غریب خاندان سے تعلق رکھنے والے اس بچے کے اہل خانہ میسی کی شرٹ خریدنے کی سکت نہیں رکھتے تھے۔ ایک ماہ پہلے پلاسٹک بیگ سے بنی شرٹ پہنے مرتضیٰ احمدی کی چند تصاویر نے دنیا بھر کے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی تھی۔ ان تصاویر میں مرتضیٰ نے سفید اور نیلی دھاریوں والا پلاسٹک تھیلا، جس پر میسی لکھا ہوا تھا ، پہنا ہوا تھا۔ مرتضیٰ کے پندرہ سالہ بھائی ہمایوں نے اپنے چھوٹے بھائی کو پلاسٹک کے تھیلے کی یہ جرسی پہنا کر اپنے بھائی کی تصویریں فیس بک پر شائع کر دی تھیں۔

اس کے بعد دنیا بھر کے سوشل میڈیا پر فٹبال کے شائقین نے مرتضیٰ کو ’’چھوٹا میسی‘‘ کہنا شروع کر دیا تھا۔ قبل ازیں افغان فٹ بال فیڈریشن نے کہا تھا کہ میسی کا ہسپانوی سفارتخانے کے ذریعے ان سے رابطہ ہوا ہے اور وہ مرتضیٰ احمد سے ملنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ تاہم میسی کے ایک قریبی ذریعے نے اس خبر کی نہ تو تصدیق کی تھی اور نہ ہی تردید۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق افغانستان میں سکیورٹی کی صورتحال شاید اس ملاقات میں رکاوٹ تھی۔

Afghanistan Messi-Fan Murtaza in echtem Trikot
میسی کی طرف سے یہ تحفہ یونیسیف کے ذریعے افغانستان بھیجا گیا تھا جبکہ مرتضیٰ احمد اور ان کا خاندان صوبہ غزنی سے خصوصی طور پر اسے وصول کرنے کے لیے کابل گئےتصویر: picture-alliance/dpa/Unicef/Mahdy Mehraeen

قبل ازیں مرتضیٰ کے والد جو غزنی میں ایک غریب کسان ہیں، نے کہا تھا کہ وہ اپنے بیٹے کو میسی کی نئی جرسی دلانے کی سکت نہیں رکھتے اور ان کے بیٹے کے پاس ایک پنکچر شدہ فٹ بال ہے۔