1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اہم صحافتی اعزاز ’پولٹزر پرائز‘، نیوز ایجنسی روئٹرز کے نام

17 اپریل 2018

فلپائن میں انسداد منشیات مہم جیسے موضوعات پر خصوصی رپورٹنگ اور روہنگیا بحران کے بارے میں تصاویر کی شکل ميں رپورٹنگ کے نتیجے میں اس سال ’روئٹرز‘ کو صحافتی شعبے کے اہم ترین امریکی اعزاز ’پولٹزر پرائز‘ سے نوازا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2wAix
Myanmar - Inhaftierter Reuters-Journalist Wa Lone
تصویر: Reuters

امریکی شہر نیو یارک میں بروز پیر ’پولٹزر پرائز‘ کی تقریبِ تقسیم میں بین الاقوامی رپورٹنگ اور فوٹوگرافی کے دو انعامات نیوز ایجنسی روئٹرز کے حصے ميں آئے۔ علاوہ ازيں امریکی اخبارات نیو یارک ٹائمز اور واشنگٹن پوسٹ کو امریکا میں خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کيے جانے سے متعلق انکشافات اور پچھلے صدارتی انتخابات میں روس کی مبينہ مداخلت کے حوالے سے نیشنل رپورٹنگ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ 

صحافتی شعبہ میں پولٹزر پرائز کو امریکا کا اعلٰی ترین اعزاز  مانا جاتا ہے۔ بین الاقوامی رپورٹنگ کے شعبے میں فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹيرٹے کی منشیات کے خلاف جنگ کے دوران مقامی پولیس کی جانب سے گروہوں کو قتل کرنے کے متنازعہ طریقوں کی تفتیشی رپورٹ شائع کرنے پر نیوز ایجنسی روئٹرز کو پہلا ایوارڈ دیا گیا۔ میانمار اور بنگلادیش میں روہنگیا مہاجرین کے بحران پر تصاوير کی صورت میں تفصيلی  دستاویزی رپورٹنگ کے نتیجے میں دوسرا انعام بھی روئٹرز کے نام رہا۔ اس طرح خبر رساں ادارہ روئٹرز پہلی مرتبہ ایک ہی برس میں دو پولٹزر پرائز حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

اس موقع پر روئٹرز کے چیف ایڈیٹر سٹیفان جے آڈلر کا کہنا تھا ایک طرف جہاں امریکا کے اندرونی مسائل رپورٹ کرنے والے ادارے پولٹزر ایوارڈ کے حقدار رہے، تو دوسری جانب ان کو خوشی ہے کہ روئٹرز نے عالمی امور کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے بین الاقوامی موضوعات پر توجہ مرکوز کی۔

’پاناما پیپرز‘ منظر عام پر لانے والوں کے لیے پولٹزر پرائز

’فلمی کيريئر ميں ترقی کے ليے جنسی روابط، جنسی زيادتی نہيں‘

امریکی یہودی مصنف کی اسرائیل پر تنقید

USA Journalist Ronan Farrow in Beverly Hills
تصویر: Reuters/D. Moloshok

ہالی ووڈ کے ہدایت کار ہاروے وائنسٹائن کے خلاف خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات کی خصوصی رپورٹنگ کو عوامی خدمت کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔  امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز اور جریدے ’نیویارکر میگزین‘ کو پبلک سروس رپورٹنگ کے سلسلے میں مشترکہ فاتح قرار دیا گیا۔

تاہم رواں برس تفتیشی رپورٹنگ کا انعام امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے نام رہا۔ واشنگٹن پوسٹ نے امریکی ریاست الاباما سے تعلق رکھنے والے سینٹ کے امیدوار رائے مور کے خلاف ایک تفتیشی رپورٹ شائع کی تھی۔ اس تفتیشی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ سینٹ کے امیدوار مور ماضی میں نو عمر لڑکیوں کے ساتھ معاشقہ میں ملوث رہے۔

1917ء سے ہر سال دیا جانے والا پولٹزر پرائز امریکا میں اخبار شائع کرنے والے ایک پبلشر جوزف پولٹزر سے منسلک ہے۔ یہ انعام صحافت کے ساتھ ساتھ شاعری اور ادب کے شعبوں میں بھی دیا جاتا ہے۔ پولٹزر پرائز کا سترہ رُکنی بورڈ ماضی میں یہ انعام جیتنے والی شخصیات کے ساتھ ساتھ ممتاز صحافیوں اور دانشوروں پر مشتمل ہوتا ہے۔

ع آ / ع س (روئٹرز)