1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسٹوکس نے کوہلی کا سحر توڑ دیا، ویزڈن کے بہترین کھلاڑی قرار

9 اپریل 2020

انگلش قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر بین اسٹوکس کو ’ویزڈن کرکٹرز آلماناک‘ کے سن 2020 ایڈیشن میں سال کا بہترین کھلاڑی قرار دے دیا گیا ہے۔ سن دو ہزار پانچ کے بعد وہ پہلے انگلش کرکٹر ہیں، جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔

https://p.dw.com/p/3ah0B
ICC Cricket World Cup 2019 England - Australien Ben Stokes
تصویر: Getty Images/AFP/S. Khan

بدھ کے دن جاری ہونے والے 'ویزڈن کرکٹرز آلماناک‘ کے سن 2020 ایڈیشن میں 'لیڈنگ کرکٹر آف دا ایئر‘ کا اعزاز انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس کو دیا گیا ہے۔ اٹھائیس سالہ اسٹوکس نے ون ڈے عالمی کپ کے دوران انگلش ٹیم کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل میچ میں انہی کی سحر انگیز کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم پہلی مرتبہ عالمی کپ اپنے نام کرنے کے قابل ہوئی تھی۔

بین اسٹوکس نے گزشتہ برس ایشز سیریز میں بھی نمایاں کھیل پیش کیا تھا۔ بالخصوص ہیڈنگلے ٹیسٹ میں روایتی حریف آسٹریلیا کے خلاف انہوں نے 135 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی، جس کی وجہ سے ایشز کے اس تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو ایک وکٹ سے مات دے دی تھی۔ اسٹوکس اس اننگز کو اپنے ٹیسٹ کیریئر کی بہترین اننگز بھی قرار دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: سال کا بہترین نیوزی لینڈر، انگلش کھلاڑی بین اسٹوکس

بین اسٹوکس سے قبل سن دو ہزار پانچ  کے ایڈیشن میں 'ویزڈن کرکٹرز آلماناک‘ نے انگلش آل راؤنڈر اینڈریو فلنٹ آف کو 'لیڈنگ کرکٹر آف دا ایئر‘ کے اعزاز سے نوازا تھا۔ اس پبلیکیشن کے ایڈیٹر لارنس بوتھ نے لکھا کہ اسٹوکس ہر قسم کی کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

بین اسٹوکس سے قبل ویزڈن کے گزشتہ تین ایڈیشنز میں بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی کو مسلسل تین مرتبہ سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

ویزڈن کے رواں سال کے ایڈیشن میں بہترین خاتون کرکٹر کا اعزاز آسٹریلوی کھلاڑی ایلزے پیری کو حاصل ہوا۔ ساتھ ہی انہیں سال کے پانچ کرکٹرز کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ دیگر چار کرکٹرز میں انگلش فاسٹ بالر جوفرا آرچر، آسٹریلوی بولر پیٹ کامینز اور بلے باز مارنوس لوبے شین اور ایسکس کے آف سپنر سائمن ہارمر شامل ہیں۔

سابق انگلش کرکٹر جان ویزڈن نے سن 1864 میں اس سالانہ پبلیکشن کی بنیاد رکھی تھی۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ میگزین انتہائی مقبول ہوتا گیا اور لوگوں نے ’ویزڈن کرکٹرز آلماناک‘ کو 'کرکٹ کی بائبل‘ بھی کہنا شروع کر دیا۔ ہر سال شائع ہونے والی اس پبلیکشن میں دنیائے کرکٹ کے اہم ترین واقعات اور کہانیوں کو شائع کیا جاتا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید