1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اتر پردیش میں شدید بارشیں، کم از کم اکتالیس ہلاکتیں

22 جولائی 2019

بھارت کی مختلف ریاستوں میں مون سون بارشوں کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد دو سو سے تجاوز کر چکی ہے۔ بہار اور آسام کے بعد ان بارشوں نے اتر پردیش میں بھی شدید تباہی مچائی ہے۔

https://p.dw.com/p/3MXEk
Global Ideas Indien Überschwemmungen
تصویر: Getty Images/AFP/B. Boro

بھارتی ریاست اتر پردیش میں طوفان بادو باراں کے نتیجے میں کم از کم اکتالیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔اتر پردیش میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ملکی ادارے کے ایک اہلکار محمد عارف نے بتایا کہ چھ افراد ہفتے کے دن جبکہ تقریباً پینتیس اتوار کو ہلاک ہوئے ۔ان کے بقول زیادہ تر افراد کی ہلاکت آسمانی بجلی گرنے اور طوفان کی زد میں آنے سے ہوئیں۔

بتایا گیا ہے کہ ہفتے اور اتوار کو تیز ہواؤں اور شدید بارشوں کے نتیجے میں متعدد درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور بجلی کے کھبمے گرنے کے علاوہ متعدد مکانوں کی چھتیں گر گئیں اور پانی کئی کچے مکانات کو اپنے ساتھ بہا کر لے گیا۔

Global Ideas Indien Überschwemmungen
تصویر: Getty Images/AFP/B. Boro

محمد عارف نے لکھنوؤ سے ٹیلی فون کے ذریعے بات کرتے ہوئے خبر رساں اداروں کو بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر کسان اور بے گھر افراد شامل ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ مٹی سے بنے ہوئے کم از کم ایک سو گھر منہدم ہوئے ہیں۔

ریاستی وزیر اعلی یوگی ادتیا ناتھ نے اس قدرتی آفت کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کے بقول جن خاندانوں کو جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے، انہیں چار لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے۔

بھارت کے کئی علاقوں میں مون سون بارشوں کے دوران بجلی گرنے اور طوفانی ہوائیں چلنا معمول کی بات ہے۔ اس ملک میں مون سون بارشیں جون سے ستمبر تک جاری رہتی ہیں۔ جولائی کے دوران بھارتی ریاستوں آسام اور بہار میں انہی بارشوں کی زد میں آکر دو سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ع ا / ک م