1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آپ نے پاکستانی عوام کا دل جیت لیا ہے، عمران خان

21 مارچ 2019

پاکستان کے وزیر اعظم نے  نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم سے گفتگو کرتے ہوئے  نیوزی لینڈ کی  مساجد پر ہونے والے حالیہ حملے کے واقع پر ان کے انتہائی ہمدردانہ رویہ کی تعریف کی۔

https://p.dw.com/p/3FR5n
Neuseeland, Christchurch:  Jacinda Ardern
تصویر: Reuters/E. Su

پاکستانی وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق  عمران خان نے  نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسینڈا آرڈن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ملک کی انتظامیہ کی جانب سے مسلمانوں کو دی جانے والی عزت اور احترام کو دل سے سراہتے ہیں۔ پاکستانی وزیر اعظم نے اپنی ہم منصب سے گفتگو میں مزید کہا کہ انہوں نے اسلامو فوبیا اور عالمی سطح پر بڑھتی شدت پسندی کے باوجود عالمی رہنماؤں کو ایک درست راستہ اپنانے کا سبق دے دیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ وہ  پاکستانی عوام کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور یہ کہ جیسینڈا آرڈن نے اپنے موقف سے کئی پاکستانیوں کا دل جیت لیا ہے۔

نیوزی لینڈ میں چند روز قبل ایک سفید فام دہشت گرد نے دو مساجد پر فائرنگ کر کے قریب پچاس افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ ان میں نو پاکستانی  باشندے بھی شامل  تھے۔ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے اس حملے میں متاثرہ افراد سے ملاقات کی، انہیں گلے لگایا اور ایک بے مثال انداز میں ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے اس حملے کو دہشت گردانہ حملہ قرار دیا اور اپنی تقاریر میں کہا کہ نیوزی لینڈ میں بسنے والے مسلمان اس ملک کا حصہ ہیں اور ہر صورت میں ان کا تحفظ کیا جائے گا۔

Christchurch Terroranschlag  Jacinda Ardern treffen mit Muslimen
تصویر: Reuters/New Zealand Prime Minister's Office

جیسینڈا آرڈن نے پاکستانی وزیر اعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے اس حالیہ واقع کے بعد ان کا ملک سکتے میں ہے۔ انہوں نے پاکستانی نژاد شہری نعیم رشید کی بہادری کو بھی سراہا جو دوسروں کو بچانے کے لیے حملہ آور سے اُس کا اسلحہ چھیننے کی کوشش میں اپنی جان سے گئے۔