1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آفریدی ٹیم کی تیاریوں سے مطمئن نہیں

3 دسمبر 2010

پاکستان کی ایک روزہ کرکٹ ٹیم کے قائد شاہد خان آفریدی اگلے سال کے عالمی کپ کے لئے قومی ٹیم کی تیاریوں سے مکمل طور پر مطمئن نہیں ہیں۔

https://p.dw.com/p/QPLr
تصویر: AP

کراچی میں نامہ نگاروں سے بات چیت میں سٹار آل راؤنڈر نے پاکستانی ٹیم کے ساکھ کو پہنچنے والے حالیہ تنازعات کے تناظر میں یہ بات کہی۔ ’’ ہمیں ہر دورے میں مسائل کا سامنا رہا، اگرچہ بہت ورلڈ کپ جیتنے سے متعلق زیادہ توقعات نہیں ہیں تاہم میری سوچ مثبت ہے اور میں ٹیم کا جذبہ بیدار رکھنے کی کوشش کرتا رہوں گا۔‘‘

پاکستانی ٹیم کے منیجر انتخاب عالم ایک حالیہ انٹرویو میں ورلڈ کپ جیتنے کی امید ظاہر کرچکے ہیں۔

Pakistan Cricket Intikhab Alam und Aaqib Javed
انتخاب عالم ورلڈ کپ جیتنے کے لئے پر امید ہیںتصویر: AP

کرکٹ کا عالمی میلہ فروری سے بنگلہ دیش، سری لنکا اور بھارت میں سج رہا ہے۔ پاکستانی دستے کے اہم کھلاڑی سلمان بٹ، محمد عامر اور محمد آصف تاحال بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی پابندی تلے ہیں اور ورلڈ کپ سے قبل ٹیم میں ان کے واپسی کے امکانات بھی کم ہیں۔

یہ تینوں اگلے ماہ آئی سی سی کے کمیشن کے روبرو پیش ہوں گے جس میں ان کے پیشہ ورانہ مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ پاکستانی کرکٹ بورڈ نے دورہء نیوزی لینڈ کے لئے شعیب ملک اور کامران اکمل کو بھی کلیئرنس نہیں دی ہے۔ آفریدی کا کہنا تھا کہ اس معاملے کے بارے میں بورڈ سے ہی پوچھا جائے۔

ورلڈ کپ کے لئے پاکستان کو 19 دسمبر تک 30 رکنی دستے کا اعلان کرنا ہوگا جسے بعد میں 19 جنوری تک 15 کھلاڑیوں تک محدود کرنا ہوگا۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم 26 دسمبر سے نیوزی لینڈ کے دورے کا آغاز کر رہی ہے۔

Afghanistan vs Pakistan Cricket Asian Games
حال ہی میں پہلی بار ایشیائی کھیلوں میں کرکٹ کو شامل کیا گیا جس میں پاکستان نے کانسی، افغانستان نے چاندی اور بنگلہ دیش نے سونے کا تمغہ جیتا تھاتصویر: AP

اس دوران دونوں ٹیمیں تین ٹوئنٹی ٹوئنٹی، دو ٹیسٹ اور پانچ ایک روزہ مقابلوں میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی۔ ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی ٹیم کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے جس میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا، سری لنکا، کینیا، کینیڈا، نیوزی لینڈ اور زمبابوے کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔ گروپ بی میں بھارت، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، آئرلینڈ اور ہالینڈ شامل ہیں۔

پاکستانی کرکٹ سے جڑی ایک اور خبر کے مطابق پی سی بی ان دنوں چین کو بطور نیوٹرل وینیو کے طور پر استعمال کرنے کا سوچ رہا ہے۔ چینی خبر رساں ادارے ژنہوا نے اس ضمن میں سابق ٹیسٹ کرکٹر جاوید میاں داد اور پی سی بی کے ذرائع کے حوالے سے یہ بات کی ہے۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ 2012ء میں ایشیا کپ کے کرکٹ مقابلے چین میں منعقد کرنے کے لئے بھی پی سی بی چین کی حمایت کرے گا۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: افسراعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں