1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا کے مختلف حصوں میں عیدالفطر کا تہوار منایا جارہا ہے

2 مئی 2022

سعودی عرب، بحرین، قطر، کویت، یمن، امارات سمیت عرب ملکوں نیز یورپ، امریکہ اور مشرقی ایشیائی ملکوں میں مسلمان پیر کے روز عید منارہے ہیں۔ پاکستان اور بھارت میں عیدالفطر کا تہوار منگل کے روز منایا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/4AhHw
Moschee Indonesien Banda Aceh
تصویر: AP

اس مرتبہ عیدالفطر کا تہوار ایسے ماحول میں منایا جارہا ہے جب یوکرین کی جنگ کی وجہ سے دنیا بھر میں خوردنی اشیاء کی قیمتیں آسمان چھورہی ہیں اور کورونا کی وجہ سے عائد پابندیاں بڑی حد تک اٹھالی گئی ہیں۔

انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ  میں جنوب مشرقی ایشیاکی سب سے بڑی استقلال مسجد میں آج ہزاروں مسلمانوں نے عید کی نماز ادا کی۔ کورونا کی وجہ سے سن 2020 اور گزشتہ برس اس مسجد میں عید کی نماز نہیں ہوسکی تھی۔

مبارک باد کے پیغامات

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق افغانستان کے سپریم لیڈر ہبت اللہ اخون زادہ گزشتہ چھ برس کے دوران دوسری مرتبہ منظر عام پر آئے۔ انہوں نے قندھارمیں عیدگاہ میں موجودہ ہزاروں نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کے گزشتہ برس اقتدار میں آنے کے بعد ملک نے آزادی اور سلامتی حاصل کی ہے۔ ہبت اللہ اخون زادہ نے عوام کو عید کے ساتھ ہی 'فتح، آزادی، کامیابی، سلامتی اور اسلامی نظام کی بھی مبارک باد دی۔

سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے تمام اہل اسلام کو عیدالفطر کی مبارک باد دی۔اپنے پیغام میں انہوں نے دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ تمام ممالک کو ہر برائی اور نقصان سے محفوظ رکھے۔

تنظیم اسلامی کانفرنس (او آئی سی) کے سکریٹری جنرل حسین براہیم طہٰ نے عید کی مبارک باد دیتے ہوئے یاد دلایا کہ اس وقت دنیا کے مختلف حصوں میں مسلمانوں کو کئی طرح کی آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے فلسطینیوں کے علاوہ روہنگیا پناہ گزینوں، جموں و کشمیر کے مسلمانوں اور دنیا کے دیگر حصوں میں رہنے والے مسلمانوں کے ساتھ یگانگت کا اظہار کیا۔

امریکی صدر جوبائیڈن اور ان کی اہلیہ جل بائیڈن نے بھی دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارک باد دی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید کے موقع پر مسلمان ان تمام لوگوں کو یا د کرتے ہیں جو غربت، بھوک، تصادم اور بیماریوں سے نبرد آزما ہیں اور تمام لوگوں کے لیے ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کا عہد دہراتے ہیں۔

عالمی صورت حال سے عید کی خوشیاں متاثر

یوں تو کورونا وائرس کی وجہ سے اقتصادی صورت حال پہلے سے ہی پریشان کن تھی تاہم یوکرین پر روسی حملے کی وجہ سے ضروری اشیاء کی قیمتیں بہت زیادہ بڑھ گئیں۔بعض ملکوں میں اس کا خاصا اثر دیکھا جاسکتا ہے۔

شام کے ادلب صوبے میں لوگوں کے لیے اس برس کا رمضان سابقہ رمضان کے مقابلے میں کہیں زیادہ سخت رہا۔غزہ میں حالانکہ ضرورت کی تمام اشیاء دکانوں پر موجود ہیں لیکن انہیں خریدنا ہر ایک کے بس میں نہیں ہے۔

پانچ بچوں کی والدہ ام مصعب نے کہا،"صورت حال بہت کٹھن ہے۔ ملازمین تو کسی طرح اپنی زندگی گزار لے رہے ہیں لیکن دیگر افراد کی حالت بہت خراب ہے۔"

عراق کے دارالحکومت میں بھی پہلے کے مقابلے بہت کم تعداد میں لوگ بازاروں میں آرہے ہیں۔ سکیورٹی کی صورت حال نے بھی لوگوں کی خوشیاں ماند کردی ہیں۔

دریں اثنا اتوار کے روز شوال کا چاند نظر نہیں آنے کی وجہ سے پاکستان اور بھارت میں عیدالفطر کا تہوار منگل کے روز منایا جائے گا۔  پاکستان کے خیبر پختونخوا میں تاہم پیر 2مئی کو عید الفطرکا تہوار منایا جارہا ہے۔

ج ا  / ص ز  (اے ایف پی، اے پی، روئٹرز)

جرمنی میں رمضان کی آخری ’مبارک راتیں‘ اور عید کی تیاریاں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں