1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیات

آئی ایم ایف نے پاکستان کے قرضے بحال کر دیے

25 مارچ 2021

عالمی مالیاتی ادارے نے گذشتہ برس اپریل میں پاکستان کو قرض دینا بند کردیا تھا۔

https://p.dw.com/p/3r6lN
Pakistan Wechselstube auf der Straße
تصویر: picture-alliance/epa/A. Gulfam

قرضوں کی بحالی کی باضابطہ منظوری بدھ کو آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں دی گئی۔ واشنگٹن سے جاری بیان کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے نے حکومت پاکستان کے حالیہ معاشی اقدامات پر اظہار اطمینان کیا اور 500 ملین ڈالر کی قسط جاری کرنے کا اعلان کیا۔

پاکستان میں حکومت میں آنے سے پہلے وزیراعظم عمران خان آئی ایم ایف سے قرضے لینے کے سخت مخالف تھے۔ لیکن پھر 2019 میں بیرونی ادائیگیوں کے بحران کے مدنظر پی ٹی آئی حکومت کو مجبورا آئی ایم ایف سے رجوع کرنا پڑا اور جولائی میں فنڈ نے پاکستان کے ساتھ چھ بلین ڈالر کے قرضوں کا معاہدہ کیا۔

آئی ایم ایف کا حکومت سے مطالبہ تھا کہ:

۔بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے

۔محصولات میں اضافے کے لیے مزید ٹیکس جمع کیا جائے

۔نقصانات کی شکار بیمار صنعتوں اور سرکاری ادارو‌ں کی نجکاری کی جائے

۔زرعی شعبے کو دی جانے والی سبسڈی بند کی جائے

۔کرنسی ایکسچینج ریٹ کا کنٹرول اسٹیٹ بینک سے لے کر اوپن مارکیٹ پر چھوڑ دیا جائے

تاہم فنڈ کے مطابق حکومت نے ان شرائط پر کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھائی جس کے باعث گذشتہ سال اپریل میں پاکستان کو قرضوں کی ادائیگیاں روک دی گئیں۔

Pakistan Karacih | Fernsehübertragung Ansprache Imran Khan
تصویر: Asif Hassan/AFP

لگ بھگ ایک سال کے تعطل کے بعد اب عالمی مالیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں حکومت نے پیش رفت دکھائی ہے، جس کی ایک مثال پی ٹی آئی حکومت کی طرف سے فروری میں بجلی کی قیمتوں میں سولہ فیصد اضافے کا اعلان ہے۔

فنڈ کے مطابق اس کے علاوہ پاکستانی حکام نے اپنے معاشی اعداد وشمار سے متعلق مسائل بھی حل کیے ہیں، جس سے قرضوں کی بحالی کی راہ ہموار کرنے میں مدد ملی۔

فنڈ کا کہنا ہے کہ اس قرض سے پاکستان کو کورونا وبا کے معاشی نقصانات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ لیکن ناقدین کا کہنا ہے کہ پچھلے تین برسوں کے دوران بیروزگاری اور مہنگائی  نے پہلے ہی غربت میں اضافہ کیا ہے اور ایسے میں آئی ایم ایف کی کڑی شرائط پر عمل عوام کا جینا مزید دو بھر کردے گا۔

آئی ایم ایف کی تازہ قسط قرضوں کے اس پروگرام کی تیسری ادائیگی ہے، جس کے بعد اب پاکستان کو چھ میں سے دو بلین ڈالر مل جائیں گے۔

Ramadan Armenspeisung Pakistan
تصویر: Imago