1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستافغانستان

افغانستان میں زلزلہ، سینکڑوں ہلاکتیں

22 جون 2022

افغانستان کے مشرقی حصوں میں گزشتہ شب آنے والے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 950 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ افغانستان کی سرکاری نیوز ایجنسی بختار کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ 600 دیگر افراد زخمی بھی ہیں۔

https://p.dw.com/p/4D2nU
ہیلی کاپٹرز کے ذریعے متاثرین کی مدد کی جارہی ہےتصویر: Bakhtar News Agency/dpa/picture alliance

افغانستان کی سرکاری نیوز ایجنسی بختار کے مطابق متاثرہ علاقے میں ہیلی کاپٹرز کے ذریعے امدادی ٹیمیں پہنچائی جا رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی ہے  جس سے صوبہ پکتیکا سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ مقامی حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر مرکزی حکومت کی طرف سے فوری طور پر ایمرجنسی مدد فراہم نہ کی گئی تو ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

افغانستان کے لیے مزید مشکلات

افغانستان کو زلزلے کی تباہی کا ایک ایسے وقت سامنا ہے جب بین الاقوای کمیونٹی اس جنگ زدہ ملک کو اس کے حال پر چھوڑ چکی ہے۔ طالبان اقتدار میں ہیں لیکن عالمی رہنما ان پر بھروسہ نہیں کرتے۔ اقوام متحدہ اور کچھ دیگر امدادی ادارے بھوک اور غربت کے شکار افغان شہریوں کی مدد کر رہے ہیں لیکن یہ امداد 38 ملین افراد کے اس ملک کے لیے ناکافی ہے۔

نیوز ایجنسی بختار کے ڈائریکٹر جنرل عبدالوحید ریان نے زلزلے سے متعلق ٹوئٹر پر کہا کہ پکتیکا میں 90 گھر تباہ ہو گئے ہیں اور خدشہ ہے کہ درجنوں افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

بڑے پیمانے پر تباہی

پاکستانی سرحد کے قریبی علاقوں سے حاصل ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ افغان علاقے میں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے متاثرین کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سوشل میڈیا پراس علاقے میں پتھروں سے بنے گھروں کی تباہ شدہ تصاویر دیکھی جا سکتی ہیں۔ ان گھروں کے رہائشی اپنی مدد آپ کے تحت گھروں کے ملبے کو صاف کرتے بھی دکھائی دیے۔

طالبان حکومت کے نائب ترجمان بلال کریمی کا کہنا ہے، ''پکتیکا صوبے کے چار اضلاع کو شدید نوعیت کے زلزلے نے متاثر کیا ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں شہری ہلاک اور زخمی ہو گئے ہیں، درجنوں گھر تباہ ہو گئے ہیں۔‘‘ بلال کریمی نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل وقت میں افغانستان کی مدد کریں۔

زلزلے کے جھٹکے پڑوسی ملک پاکستان میں بھی محسوس کیے گئے۔ 'یورپین سیسمولوجیکل ایجنسی‘ کے مطابق اس زلزلے کے جھٹکے افغانستان، پاکستان اور بھارت میں بھی محسوس کیے گئے۔

افغانستان اور جنوبی ایشیا جہاں 'انڈین ٹیکٹانک پلیٹس‘ ملتی ہیں، شدید زلزلوں کے خطرے سے دوچار علاقے ہیں۔ گزشتہ دو دہائیوں میں ان علاقوں میں زلزلے سے بڑے پیمانے پر ہلاکتیں اور تباہی دیکھی گئی ہے۔

ب ج،/ا ب ا (اے پی)

بھوک کے خلاف جنگ کرتے افغان بچے