1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہنیپال

18 سالہ نوجوان نے 8000 میٹر سے بلند تمام چوٹیاں سر کر لیں

9 اکتوبر 2024

ایک 18 سالہ نیپالی کوہ پیما نے بدھ کے روز دنیا کی 8000 میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیوں کو سر کرنے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ وہ یہ تمام چوٹیاں سر کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما بھی بن گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4lab1
18 سالہ نیما رنجی شیرپا
18 سالہ نیما رنجی شیرپاتصویر: Prakash MATHEMA/AFP

18 سالہ نیما رنجی شیرپا بدھ کی صبح تبت کی 8,027 میٹر بلند شیشا پانگما کی چوٹی پر پہنچے اور اس طرح انہوں نے دنیا کی تمام 14 بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے کا اپنا مشن بھی مکمل کر لیا۔

ان کے والد تاشی شیرپا نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا، ''وہ آج صبح چوٹی پر پہنچا۔ اس نے اچھی تربیت حاصل کی تھی اور مجھے یقین تھا کہ وہ ایسا کرے گا۔‘‘

کوہ پیمائی کی دنیا میں آٹھ ہزار میٹر سے زیادہ بلندی والی تمام 14 چوٹیوں کو سر کرنا ایک بہت بڑا اعزاز سمجھا جاتا ہے۔  اس دوران کوہ پیما ''ڈیتھ زون‘‘ کو بھی عبور کرتے ہیں، جہاں ہوا میں اتنی آکسیجن نہیں ہوتی کہ انسانی زندگی کو طویل عرصے تک برقرار رکھا جا سکے۔

ایک 18 سالہ نیپالی کوہ پیما نے بدھ کے روز دنیا کی 8000 میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیوں کو سر کرنے کا اعزاز اپنے نام کر لیا
ایک 18 سالہ نیپالی کوہ پیما نے بدھ کے روز دنیا کی 8000 میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیوں کو سر کرنے کا اعزاز اپنے نام کر لیاتصویر: Tang Wei/Xinhua/picture alliance

نیما رنجی شیرپا نے ایک بیان میں کہا، ''اس چوٹی کو سر کرنا صرف میرے ذاتی سفر کا اختتام نہیں ہے بلکہ یہ ہر اس شیرپا کے لیے خراج تحسین ہے، جس نے ہمارے لیے مقرر کردہ روایتی حدود سے باہر خواب دیکھنے کی ہمت کی ہے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ''کوہ پیمائی مزدوری سے کچھ زیادہ ہے، یہ ہماری طاقت اور جذبے کا ثبوت ہے۔‘‘

سرما میں کے ٹو کو سر کرنے کا ریکارڈ نیپالی کوہ پیماؤں کے نام

اس سے قبل یہ ریکارڈ ایک اور نیپالی کوہ پیما منگما گیابو ''ڈیوڈ‘‘ شیرپا کے پاس تھا۔ انہوں نے یہ اعزاز سن 2019 میں 30 برس کی عمر میں حاصل کیا تھا۔

نیما رنجی شیرپا پہلے ہی درجنوں چوٹیوں کو سر کرتے ہوئے متعدد ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔ انہوں نے سب سے پہلے  16 برس کی عمر میں مناسلو چوٹی سر کی تھی۔ رواں برس جون تک وہ اپنے 13ویں پہاڑ کنچن جنگا  کو بھی سر کر چکے تھے، جو دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی ہے۔

نیا عالمی ریکارڈ: نیپالی کوہ پیما تیئیس بار ’دنیا کی چھت‘ پر

نیپال ماؤنٹینیئرنگ ایسوسی ایشن کے صدر نیما نورو شیرپا کا اس موقع پر کہنا تھا، ''یہ ہمارے ملک کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ''نیما نے تمام دقیانوسی تصورات کو توڑ دیا ہے۔ اس کی کامیابی نے یہ پیغام دیا ہے کہ اگر عزم پختہ ہو، تو کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔‘‘

ا ا / م م (اے ایف پی، ڈی پی اے)

ایک 18 سالہ نیپالی کوہ پیما نے بدھ کے روز دنیا کی 8000 میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیوں کو سر کرنے کا اعزاز اپنے نام کر لیا
ایک 18 سالہ نیپالی کوہ پیما نے بدھ کے روز دنیا کی 8000 میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیوں کو سر کرنے کا اعزاز اپنے نام کر لیاتصویر: Lakpa Sherpa/AFP/Getty Images