1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستیوکرین

یوکرینی جنگ سے متعلق خفیہ دستاویزات کی مبینہ لیک

8 اپریل 2023

امریکی محکمہ انصاف یوکرین کے لیے امریکی عسکری مدد سے متعلق خفیہ معلومات کی مبینہ لیک کی تفیش کر رہا ہے۔ یہ خفیہ معلومات آن لائن دیکھی گئی ہیں جب کہ یوکرین نے اسے روسی پرپیگنڈہ قرار دیتے ہوئے مسترد کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4PpnR
Ukraine Krise | UK Unterstützung
تصویر: Sergei Supinsky/AFP

امریکی محکمہ دفاع نے جمعے کے روز پینٹاگون کے ان خفیہ دستاویزات کیمبینہ لیک سے متعلق تفتیش کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ یہ دستاویزات مختلف سوشل میڈیا ویب سائٹس پر دکھائی دی ہیں، جن میں نیٹو اور امریکہ کی جانب سے یوکرین کو دی جانے والی عسکری مدد کی تفصیلات درج ہیں۔ تاہم بعض امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ دستاویزات ممکنہ طور پر جعل سازی کے ذریعے ردوبدل کے ساتھ جاری کیے گئے ہیں، جو غلط معلومات پھیلانے کی روسی مہم کا حصہ ہو سکتے ہیں۔

جرمنی اور یورپ کی یوکرین کے لیے عسکری مدد کس طرح؟

جرمنی سے بھاری ہتھیاروں کی پہلی کھیپ یوکرین پہنچ گئی

امریکی محکمہ انصاف کے ایک ترجمان نے جمعے کے روز کہا، ''ہم نے محکمہ دفاع کے ساتھ اس موضوع پر رابطہ کیا ہے اور تفتیش شروع کر دی ہے۔ ہم اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتا سکتے۔‘‘

ادھر پیٹاگون کی ترجمان سبرینا سنگھ نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس معاملے پر محکمہ دفاع کی ایک داخلی تفتیش بھی جاری ہے۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تین مختلف امریکی عہدیداروں نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ اس لیک کے پیچھے روس یا روس نواز عناصر ہو سکتے ہیں۔

دستاویزات میں کیا ہے؟

یہ دستاویزات 23 فروری 2023 سے یکم مارچ 2023 کے درمیانی عرصے کے ہیں۔ ان پر 'سیکرٹ‘ لکھا دیکھا جا سکتا ہے۔ ان دستاویزات میں یوکرین کو دی جانے والےفوجی ساز و سامان اور آلات کی تفصیلات درج ہیں۔ عموماﹰ امریکی حکام عوامی طور پر اس بارے میں تفصیلات اتنی باریکی سے نہیں دیتے۔ تاہم ایک امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر روئٹرز کو بتایا کہ ان دستاویزات میں تحریف کی گئی ہے اور روسی فوجیوں کی ہلاکت کم کر کے بتائی گئی ہے۔

ان دستاویزات میں درج ہے کہ یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے اب تک 16 ہزار سے ساڑھے 17 ہزار روسی فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں، جب کہ امریکی حکام کے مطابق اس جنگ کے آغاز سے اب تک دو لاکھ روسی فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔

یوکرین کا جرمنی سے مزید اسلحے کا مطالبہ

یوکرینی حکام کی جانب سے تردید

یوکرینی حکام نے خفیہ عسکری معلومات افشاء ہو جانے کے اس معاملے پر قدرے دھیمے انداز سے بات کی ہے۔ یوکرینی خفیہ ادارے کے ترجمان اندری یوسوف نے ایک یوکرینی ٹی وی سے گفتگو میں کہا، ''حالیہ دہائیوں میں ایک چیز ہمیں یاد رکھنا چاہیے۔ روس کی خفیہ سروسز سب سے کامیاب آپریشن فوٹوشاپ پر کرتی ہیں۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا، ''اس مواد کا ابتدائی معائنہ کرنے پر ہم دیکھتے ہیں کہ یہ جھوٹ پر مبنی ہیں، ان میں اطراف کے نقصان سے متعلق اعدادوشمار کو تبدیل کیا گیا ہے، جب کہ اس معلومات کا کچھ حصہ دستیاب معلومات سے لیا گیا ہے۔‘‘

ع ت، ر ب (روئٹرز)