1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کوریائی گراں پری: فیٹل کی ایک اور جیت

16 اکتوبر 2011

عالمی چیمپئن شپ کا اعزاز برقرار رکھنے والے جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل نے کوریائی گراں پری میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ گزشتہ ریس میں وہ عالمی چیمپئن شپ کا اعزاز برقرار رکھنے میں کامیاب رہے تھے۔

https://p.dw.com/p/12sxr
فیٹل ٹاپ پوزیشن پرتصویر: dapd

کوریائی گراں پری رواں برس کی پندرہویں ریس تھی۔ یہ جزیرہ نما کوریا کے حصے جنوبی کوریا کے یی اون گام (Yeongam) نام کے چھوٹے سے شہر میں واقع ٹریک پر منعقد کی گئی۔ اس میں بھی کامیابی کا سہرا جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل کے ماتھے پر سجا۔ انہوں نے کوریائی گراں پری جیتنے میں ایک گھنٹہ اور اڑتیس سیکنڈ لیے۔ دوسری پوزیشن برطانوی ڈرائیور لوئیس ہیملٹن کو حاصل ہوئی۔ ہیملٹن کوریائی گراں پری میں فیٹل سے تیرہ سیکنڈ کے وقفے سے ہارے۔ تیسرا مقام ریڈ بُل ٹیم کے دوسرے ڈرائیور مارک ویبر کو ملا۔ ویبر اور ہیملٹن میں چند مائیکرو سیکنڈز کا فرق تھا۔ برطانوی ڈرائیور لوئیس ہیملٹن نے اتوار کے روز کوریائی گراں پری کا آغاز ٹریک پر سب سے آگے کھڑے ہو کر کیا تھا۔

فارمولا ون کی کوریائی گراں پری کی فتح ریڈ بُل ٹیم کے لیے اس برس کی دسویں فتح ہے۔ اس طرح سباستیان فیٹل کی طرح ریڈ بُل نے فارمولا ون کنسٹرکٹر چیمپئن شپ کے اعزاز کا شاندا دفاع کیا۔ ریڈ بُل ٹیم نے یہ چیمپئن شپ گزشتہ برس جیتی تھی۔ ریڈ بُل کی قریب ترین حریف میک لارن ٹیم ہے اور اس پر چیمپئن ٹیم کو 140 پوائنٹس کی سبقت حاصل ہے۔

Flash-Galerie Formel 1 Vettel zum zweiten Mal Weltmeister Heppenheim Fans
فیٹل کے مداحتصویر: DW

سباستیان فیٹل نے ڈرائیورز چیمپئن شپ مسلسل دوسری مرتبہ جیتنے کا اعزاز جاپان گراں پری کی تکمیل پر حاصل کیا تھا۔ سباستیان فیٹل کوریائی گراں پری ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے بعد مجموعی طور پر اب تک بیس فارمولا ون مقابلے جیت چکے ہیں۔ اگر وہ تین مزید ریس جیتنے میں کامیاب ہو گئے تو ایک سیزن میں تیرہ ریس جیتنے کا مشاعیل شوماخر کا ریکارڈ وہ برابر کر سکتے ہیں۔ اس وقت فارمولا ون کے موجودہ سیزن میں تین ہی ریس باقی رہ گئی ہیں۔

تاریخ ساز جرمن ڈرائیور شوماخر کوریائی گراں پری کے دوران مقابلے سے دستبردار ہو گئے تھے۔ ان کو مجموعی طور پر چوبیسواں مقام حاصل ہوا۔ شوماخر کی مرسیڈیز گاڑی کو روسی ڈرائیور ویٹالی پیٹروف نے سترہویں چکر میں پیچھے سے ٹکر مار دی تھی۔ پیٹروف کو بھی ریس سے دستبردار ہونا پڑا۔

کوریائی گراں پری فارمولا ون ریس کے بعد اب اگلی فارمولا ون بھارت میں شیڈیول ہے۔ انڈین گراں پری کا انعقاد نو تعمیر شدہ بُدھ انٹرنیشنل سرکٹ میں کیا جائے گا۔ یہ سرکٹ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے قریب گریٹر نوئیڈا کے علاقے میں واقع ضلع گوتم بدھ نگر میں تعمیر کیا گیا ہے۔ اس ریس کے لیے تیس اکتوبر کی تاریخ مقرر ہے۔ ریس کے ایام میں بھارتی دارالحکومت اور ٹریک کے نزدیک کے ہوٹلوں میں تقریباً کمروں کی دستیابی ناممکن ہو گئی ہے۔ تمام کمرے شائقین نے ہفتوں پہلے حاصل کر لیے ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں