فیٹل نے سنگاپور گراں پری جیت لی
26 ستمبر 2011چوبیس سالہ فیٹل کی رواں سیزن میں یہ نویں کامیابی ہے۔ اتوار کی ریس میں انہوں نے کمال صلاحیت کا مظاہرہ کیا اور اب وہ فارمولا وَن کی تاریخ میں ڈبل ورلڈ چیمپیئن بننے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ ان کو فارمولا ون کی تاریخ میں نام رقم کروانے کے لیے محض ایک پوائنٹ درکار ہے جس کے بعد وہ دو مرتبہ عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن سکتے ہیں۔
فیٹل کے راستے میں امکانی طور پر اب صرف بینجمن بٹن آ سکتے ہیں۔ یہ اس صورت میں ہوگا جب بٹن بقیہ تمام ریسوں میں فتح حاصل کر لیں اور فیٹل ایک بھی پوائنٹ حاصل نہ کر سکیں۔ فارمولا ون پر نظر رکھنے والے ماہرین کی رائے ہے کہ اس بات کا امکان کم ہی ہے کہ فیٹل دوسری بار عالمی چیمپیئن نہ بن پائیں۔
فیٹل یہ اعزاز اگلے ماہ شروع ہونے والی جاپانی گراں پری میں حاصل کر سکتے ہیں۔ جاپانی گراں پری سات تا نو اکتوبر کو ہوگی۔ سنگاپور گراں پری میں فتح کے بعد فیٹل نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’میں ریس کے نتیجے سے بہت خوش ہوں۔ ریس کے دوران میری گاڑی بہت اچھے طریقے سے چلی، جس کی وجہ سے میری پرفارمنس بھی اچھی رہی۔‘‘
فیٹل کا کہنا ہے کہ وہ عالمی چیمپیئن بننے کی قابلیت رکھتے ہیں اور وہ اس حوالے سے بہت پر امید ہیں۔
رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: ندیم گِل